پرتھ ٹیسٹ، بھارت کو مشکلات کا سامنا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption بھارت کو آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لیے مذید ایک سو بیس رنز کی ضرورت ہے

پرتھ میں کھیلے جا رہے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر بھارت نے دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر اٹھاسی رنز بنائے ہیں۔

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر راہول ڈراوڈ بتیس اور ویران کوہلی اکیس رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بھارت کو آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لیے مذید ایک سو بیس رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بھارتی بیٹنگ متاثر کن کاررکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی اور صرف اکاون رنز کے مجموعی سکور پر بھارت کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں سٹارک نے دو جبکہ پیٹر سڈل اور ہلفنہاؤس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں تین سو انہتر رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وانر نے بیس چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ایک سو اسی رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے دوسرے نمایاں بلے باز ای کوون رہے، انہوں نے دس چوکوں کی مدد سے چوہتر رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے امیش یادو نے پانچ جبکہ ظہیر خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پرتھ ٹیسٹ کے پہلے دن کی خاص بات آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی شاندار بیٹنگ تھی۔ انہوں نےصرف انہترگیندوں پر تیرہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے سنچری بنائی جو ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین سنچری ہے۔

اس سے پہلے بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں ایک سو اکسٹھ رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے چھ چوکوں کی مدد سے چوالیس رنز بنائے جبکہ گوتم گھمبیر اور لکشمن نے اکتیس اکتیس رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ہلفنہاؤس نے چار، پیٹر سڈل نے تین، سٹارک نے دو جبکہ ہیرس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

چار میچوں کی اس ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو بھارت پر دو صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔

جمعہ کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

اسی بارے میں