طلحہ ان فٹ ، وطن واپسی

پاکستانی ٹیم تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption دبئی میں پریکٹس کے دوران محمد طلحہ کی کمر میں تکلیف ہوگئی تھی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد طلحہ کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں اور انہیں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید چیمہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ہفتے کے روز دبئی میں پریکٹس کے دوران محمد طلحہ کی کمر میں تکلیف ہوگئی تھی اور ڈاکٹروں نے انہیں کم ازکم دو ہفتے تک کرکٹ کھیلنے سے روک دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ طلحہ نے پیر کے روز ابوظہبی میں ٹیم کے ساتھ پریکٹس بھی نہیں کی اور ہوٹل میں آرام کرتے رہے۔

نوید چیمہ نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ انہیں وطن واپس بھیج دیا جائے تاہم انہوں نے کہا کہ فی الحال کسی کھلاڑی کو ان کے متبادل کے طور پر نہیں بلایا جائے گا۔

تیئس سالہ محمد طلحہ ابھی تک صرف ایک ٹیسٹ کھیلے ہیں جو2009 میں سری لنکا کے خلاف لاہور میں تھا جس میں انہوں نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ بولنگ کے سبب انہیں اس دورے کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔