شارجہ: پاکستان نے افغانستان کو ہرا دیا

شاہد آفریدی(فائل فوٹو) تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption شاہد آفریدی نے آٹھویں مرتبہ ون ڈے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں

شارجہ میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے افغانستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

کسی ٹیسٹ ٹیم کے خلاف اپنے اولین ون ڈے انٹرنیشنل میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی پوری ٹیم ایک سو پچانوے رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف اڑتیسویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہزاروں پرجوش جھومتے گاتے پٹھان شائقین اپنے کسی کھلاڑی سے شاندار کارکردگی کی توقع رکھے ہوئے تھے لیکن یہ کارکردگی پاکستانی پٹھان شاہد آفریدی اور یونس خان کی طرف سے دیکھنے میں آئی۔

آفریدی نے صرف چھتیس رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ یونس خان نے آؤٹ ہوئے بغیر ستر رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

پاکستانی اننگز میں کئی اتارچڑھاؤ آئے۔ اوپنر محمد حفیظ صرف آٹھ رنز بناکر دولت زدران کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ دولت زدران نے ہی اسد شفیق کو بھی بیس کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کیا۔

عمران فرحت اور یونس خان کی ستاون رنز کی شراکت اس وقت ختم ہوئی جب عمران فرحت نو چوکوں کی مدد سے باون رنز بناکر سمیع اللہ شنواری کو انہی کی گیند پر کیچ دے گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption یونس خان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا

عمران فرحت کو تنتیس کے سکور پر چانس ملا جب میر واعظ اشرف کی گیند پر مڈآن پر نوروزمنگل کیچ لینے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

تاہم اس کے بعد یونس خان اور کپتان مصباح الحق نے افغان بولنگ کو مزید حاوی نہیں ہونے دیا اور ننانوے رنزکی ناقابل شکست شراکت کے ذریعے اپنی ٹیم کی نیا پار لگادی۔

یونس خان نے پینسٹھ گیندوں پر دس چوکوں کی مدد سے ستر رنز بنائے۔ مصباح الحق نے پچپن گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چالیس رنز سکور کیے۔ ان کی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

اس سے قبل افغان کپتان نوروز منگل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم اڑتالیس اعشاریہ تین اوورز میں ایک سو پچانوے رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اوپنرکریم صادق چالیس رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ان کی اننگز میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔انہیں آفریدی نے وکٹ کیپر عمراکمل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

افغان ٹیم محمد شہزاد پر بہت انحصار کرتی آئی ہے اس اننگز میں بھی ان کے ارادے خطرناک نظر آئے لیکن ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے بیس رنز بنانے کے بعد وہ بھی آفریدی کے جال میں پھنس گئے جنہوں نے کپتان نوروز منگل ۔گلبدین نائب اور میرواعظ اشرف کی وکٹیں بھی حاصل کرڈالیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption افغان ٹیم اپنے حامیوں کی توقعات پر پورا نہ اتر سکی

شاہد آفریدی نے اپنے ون ڈے کیریئرمیں آٹھویں مرتبہ میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔

عمرگل اور وہاب ریاض نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ وہاب ریاض گزشتہ سال مئی میں ویسٹ انڈیز کے دورے کے بعد بالآخر پہلی بار کھیلنے میں کامیاب ہوگئے۔

سپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں مبینہ طور پر ان کا نام سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں حفظ ماتقدم میدان میں نہیں اتارا تھا۔

کپتان مصباح الحق کی خواہش پر بولنگ خصوصیت پر ٹیم میں شامل کئے گئے شعیب ملک چار اوورز کے بولرثابت ہوئے جس میں تیئس رنز دے کر وہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

اسی بارے میں