پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption گپتل نے پچپن گیندوں پر اٹھہتر رنز کی شاندار اننگز کھیل

مارٹن گپتل کی عمدہ بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو چھ وکٹ سے شکست دے دی ہے۔

ولنگٹن میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو سینتالیس رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جنوبی افریقہ کے لیے جے پی ڈومینی نے اکتالیس اور اوٹونگ نے بتیس رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔

ان دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کے لیے پچاس رنز کی شراکت قائم کی۔

نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤدی تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے ٹیم کو انچاس رنز کا آغاز دیا اور ساتھی اوپنر نکول کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی مارٹن گپتل نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی۔

انہوں نے پچپن گیندوں پر اٹھہتر رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔

ان کی اس اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے مقررہ ہدف بیسویں اوور میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

گپتل کو ان کی اس کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں