پیٹرسن کی سنچری، سیریز انگلینڈ کے نام

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 18 فروری 2012 ,‭ 18:18 GMT 23:18 PST

 

100 50 0

 

100 50 0

 

تازہ ترین سکور اور گروپ ٹیبلز کے لیے آپ کے پاس جاواسکرپٹ ہونا چاہیئے

متحدہ عرب امارات میں جاری ایک روزہ کرکٹ سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

دبئی میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں دو سو بائیس رنز بنائے جبکہ اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

کلِک دبئی میں تیسرا ایک روزہ میچ: تصاویر

جواب میں انگلینڈ نے مقررہ ہدف اڑتیس اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

223 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز کیون پیٹرسن اور الیسٹر کک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سو سّتر رنز کی شراکت قائم کی۔

اس دوران کیون پیٹرسن نے سنچری اور الیسٹر کک نے نصف سنچری بنائی۔ ان دونوں بلے بازوں نے پاکستان کے خلاف پہلی وکٹ کے لیے بہترین شراکت کا سولہ سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

ان کی شراکت کا خاتمہ سعید اجمل نے الیسٹر کک کو وکٹ کیپر عدنان اکمل کے ہاتھوں کیچ کروا کے کیا، انہوں نے اسّی رنز بنائے۔ کک نے اس سے قبل کھیلے گئے دونوں میچوں میں سنچری بنائی تھی۔

پیٹرسن ایک سو گیارہ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ گزشتہ تین برس میں پہلا موقع ہے کہ پیٹرسن کسی ایک روزہ میچ میں سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کے ابتدائی بلے باز ایک مرتبہ پھر ناکام رہے۔ اوپنرز نے ٹیم کو بائیس رنز کا آغاز فراہم کیا اور ان کی شراکت کو سٹیون فن نے عمران فرحت کو کیچ کروا کے توڑا۔

انگلش اوپنرز نے تمام پاکستانی بولرز کا جارحانہ انداز میں مقابلہ کیا

اظہر علی بھی صرف پانچ رن بنا سکے اور ان کے بعد محمد حفیظ اور کپتان مصباح الحق کی جلد پویلین واپسی کی وجہ سے صرف پچاس کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چار وکٹیں گر گئیں۔

پانچویں وکٹ کے لیے اسد شفیق اور عمر اکمل نے سینتالیس رنز جوڑے لیکن اسد ستانوے کے مجموعی سکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔ تاہم اس موقع پر عمر اکمل نے شاہد آفریدی کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔

ان دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں مکمل کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے اناسی رنز کی شراکت قائم کی۔

بعد میں آنے والے بلے بازوں میں عمرگل کے جارحانہ کھیل نے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ وہ دو چھکوں کی مدد سے چوبیس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے سٹیون فن اور سٹورٹ براڈ نے تین، تین جبکہ جیمز اینڈرسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

چار میچوں کی سیریز کا آخری میچ اکیس فروری کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔