اقبال قاسم پاکستان کے نئے چیف سلیکٹر

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اقبال قاسم ماضی میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر رہ چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹر اقبال قاسم کو نیا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا ہے۔

ان کی تعیناتی کا فیصلہ موجودہ چیف سلیکٹر محمد الیاس کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔

اس بات کا اعلان جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ بورڈ کےگورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد چیئرمین ذکا اشرف نے کیا۔

اقبال قاسم پہلے بھی قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر رہ چکے ہیں۔

کرکٹ بورڈ نے پہلے ہی اقبال قاسم اور سلیم جعفر کو پانچ رکنی سلیکشن کمیٹی میں واپس لانے کا فیصلہ کر لیا تھا اور محمد الیاس کا استعفیٰ سامنے آنے کے بعد اقبال قاسم کو سلیکشن کمیٹی کی سربراہی سونپنے کا فیصلہ ہوا۔

اب پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی اقبال قاسم، سلیم جعفر، اظہر خان، آصف بلوچ اور فرخ زمان پر مشتمل ہوگی۔

محمد الیاس کا استعفیٰ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئی سلیکشن کمیٹی بنانے کے منصوبے کے تحت متوقع تھا۔

محمد الیاس کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ کے دور میں سلیکشن کمیٹی کے مختلف عہدوں پر فائز رہے۔ جب محسن خان قومی ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ بنے تو انہیں عبوری طور پر چیف سلیکٹر بنا دیا گیا تھا۔

اسی بارے میں