فیفا کے سیکرٹری جنرل کی تبدیلی کا مطالبہ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

برازیل نےکہا ہے کہ وہ فٹبال کے عالمی نگراں ادارے فیفا کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ مزید کام نہیں کرے گا۔

برازیل کے وزیر برائے کھیل آلڈو ریبیلو نے فیفا کے سیکرٹری جنرل جروم ویلکل کے برازیل میں ہونے والے سنہ دو ہزار چودہ کے فٹ بال ورلڈ کپ کی تیاریوں کے متعلق بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیفا کو چاہیے کہ وہ ادارے کا سیکرٹری جنرل تبدیل کرے۔

برازیل کے وزیر برائے کھیل نے کہا کہ برازیل، فیفا کے دوسرے منتظمین کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے لیکن مسٹر ویلکل کے ساتھ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا ’سیکرٹری جنرل کے بیانات نہ درست ہیں اور نہ ہی حقیقت پر مبنی ہیں۔‘

سنیچر کو جروم ویلکل نے برازیل میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ برازیل کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر، آمدورفت کے ڈھانچے اور شائقین کے لیے ہوٹلوں کی تعمیر میں تاخیر کر رہا ہے اور برازیل میں انتظامیہ کو ورلڈ کپ منعقد کرانے سے زیادہ ورلڈ کپ جیتنے کی فکر ہے۔

لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ انہیں سمجھ میں نہیں آتا کہ تیاریوں میں پیش رفت کیوں نہیں ہو رہی اور فکر اس بات کی ہے کہ ساری دنیا برازیل جانا چاہتی ہے مگر کچھ بھی نہیں بنا ہے اور نہ ہی اتنے لوگوں کے استقبال کرنے کا انتظام ہوا ہے۔

دوسری جانب برازیل کی حکومت نے بارہا کہا ہے کہ وہ ایک کامیاب اور یادگار ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے اور حکومت نے کھیل کے نئے میدانوں کی تعمیر اور پرانے میدانوں کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ آمدورفت کے ڈھانچے مثلاً سڑکوں اور ہوائی اڈوں کی تعمیر کے لیے اربوں ڈالر مختص کر رکھے ہیں۔

برازیل میں فٹ بال کا آخری ورلڈ کپ سنہ انیس سو پچاس میں منعقد کیا گیا تھا۔

اسی بارے میں