برسبن: پہلے فائنل میں آسٹریلیا کی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ڈیوڈ وارنر نے ایک سو تریسٹھ رنز کی عمدہ اننگز کھیلی

سہ فریقی کرکٹ سیریز کے پہلے فائنل میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو پندرہ رن سے ہرا دیا ہے۔

اس سیریز کے فاتح کا فیصلہ بیسٹ آف تھری مقابلوں کی بنیاد پر ہوگا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

برسبن میں کھیلے گئے میچ میں ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں تین سو اکیس رنز بنائے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

وارنر نے ایک سو تریسٹھ رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں تیرہ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

ان کے علاوہ میتھیو ویڈ نے نصف سنچری بنائی۔ ان دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کے لیے ایک سو چھتیس رنز کی شراکت قائم کی۔

سری لنکا کی جانب سے پرساد دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند پر تین سو چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی ابتدائی پانچ وکٹیں صرف ایک سو پچیس رنز پر گر چکی تھیں اور میچ یکطرفہ ہوتا دکھائی دے رہا تھا تاہم اس موقع پر اپل تھارنگا اور نوان کلاسیکرا نے ایک سو چار رن کی شراکت قائم کر کے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔

کلاسیکرا نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے چوّن گیندوں پر تہتر رنز کی اننگز کھیلی جبکہ تھارنگا نے ساٹھ رن بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ڈیوڈ ہسی نے چار جبکہ شین واٹسن اور بریٹ لی نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سی بی سیریز کا دوسرا میچ چھ اور تیسرا آٹھ مارچ کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں