سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی

ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے سہ ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن فائنل میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سولہ رنز سے شکست دے دی۔

جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم انچاس اعشاریہ تین اوورز میں دو سو اکتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

دو سو بتیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم انچاسویں اوور میں دو سو پندرہ رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلوی اوپنرز نے ٹیم کو پچھہتر رنز کا آغاز فراہم کیا تھا لیکن بعد میں آنے والے بلے باز اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔

آسٹریلوی اوپنر میتھیو ویڈ انچاس رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر ہے جبکہ ابتدائی دو فائنلز میں سنچری بنانے والے ڈیوڈ وارنر اڑتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان دونوں کے علاوہ کوئی اور بلے باز بڑا سکور کرنے یا اہم شراکت قائم کرنے میں ناکام رہا اور آسٹریلوی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سپنر رنگانا ہیراتھ تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے

سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ اور مہروف نے تین، تین کلاسیکرا نے دو اور دلشان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں سری لنکن بلے باز بھی ایک بڑی شراکت بنانے میں ناکام رہے اور تھرنگا کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہیں کھیل سکا۔ وہ اکہتر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے میککے نے اٹھائیس رن دے کر پانچ وکٹیں جبکہ بریٹ لی نے تین اور شین واٹسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ برسبن میں کھیلے گئے پہلے فائنل میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو پندرہ رنز سے شکست دی تھی جبکہ ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا دوسرا فائنل سری لنکا نے آٹھ وکٹ سے جیت لیا تھا۔

اسی بارے میں