لوکاس پوڈولسکی آرسنل کلب میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بی بی سی سپورٹس کو پتہ چلا ہے کہ فٹبال کلب آرسنل نے جرمن کھلاڑی لوکاس پوڈولسکی کو کولونگ کلب سے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق گنرز چھبیس سالہ فٹبال کھلاڑی کو چار سال کے معاہدے کے لیے دس اعشاریہ نو ملین پاؤنڈ ادا کرے گا۔

پوڈولسکی کو آرسنل کلب جانے سے پہلے ایک میڈیکل ٹیسٹ پاس کرنا ہو گا۔

آرسنل کلب کے مارٹیسکر نے بتایا کہ پوڈولسکی نے انہیں متعدد ٹیکسٹ پیغامات بھیجے اور میں نے انہیں بتایا کہ آرسنل کھیلنے کے لیے ایک بہترین اور حیرت انگیز کلب ہے۔

کولونگ کلب کے سربراہ سٹیل سولباکن نےگزشتہ ماہ تسلیم کیا تھا کہ پوڈولسکی ان کا کلب چھوڑ رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہونے والے معاہدے پر کام جاری ہے۔

پولینڈ میں پیدا ہونے والے پوڈولسکی نے کولونگ کلب کے ساتھ اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور سنہ دو ہزار چھ میں انہوں نے بیرن کلب سے معاہدہ کیا تھا تاہم وہ سنہ دو ہزار نو میں دوبارہ کولونگ کلب میں واپس آ گئے تھے۔

پوڈولسکی نے جرمنی کی فٹبال ٹیم کے ساتھ سنہ دو ہزار چار اور دو ہزار آٹھ کی پورپی چیمپیئن شپ میں حصہ لینے کے علاوہ سنہ دو ہزار چھ اور سنہ دو ہزار میں ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ میں بھی شرکت کی تھی۔

واضح رہے کہ پوڈولسکی نے اپنے ملک کو سنہ دو ہزار بارہ کی یورپی چیمپیئن شپ کوالیفائی کروانے کے لیے تین گول کیے تھے اور اپنے کلب کی جانب سے بائیس میچوں میں سولہ گول بھی کیے تھے۔

اسی بارے میں