میسی کے ریکارڈ پانچ گول، بارسلونا فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption میسی اب تک رواں سیزن میں بارسلونا کے لیے انچاس مقابلوں میں ترپّن گول کر چکے ہیں

ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کے لیے کھیلنے والے ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی یورپی چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں کسی میچ میں پانچ گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

میسی نے یہ کارنامہ بدھ کی شب بائر لیورکسن کے خلاف میچ میں سرانجام دیا۔

ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت بارسلونا نے یہ میچ سات ایک کے سکور سے جیتا اور ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔

بائر لیورکسن کے خلاف میچ میں چوبیس سالہ میسی نے پہلے ہاف میں دو اور دوسرے ہاف میں تین گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

لیورکسن کے کوچ رابن دت نے میسی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’ وہ ایک غیر معمولی کھلاڑی ہے اور اس پر بحث ہو ہی نہیں سکتی۔ میسی کے بغیر بارسلونا بہترین ٹیم ہے اور اس کے ساتھ وہ کسی دوسرے جہان کی ہی ٹیم بن جاتی ہے‘۔

میسی اب تک رواں سیزن میں بارسلونا کے لیے انچاس مقابلوں میں ترپّن گول کر چکے ہیں۔

انہوں نے مجموعی طور پر کلب کے لیے تین سو گیارہ میچوں میں دو سو اٹھائیس گول کیے ہیں اور انہیں بارسلونا کے لیے سب سے زیادہ گول کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید آٹھ گول درکار ہیں۔

اسی بارے میں