’عامر خان مغرور ہو رہے ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

امریکی باکسر لیمنٹ پیٹرسن نے کہا ہے کہ عامر خان امریکی شہر لاس ویگس میں دوبارہ کھیلے جانے والے باکسنگ مقابلے سے پہلے مغرور ہو رہے ہیں۔

بی بی سی سپورٹ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات عامر خان کے ایک بیان کے بعد کہی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ لیمنٹ پیٹرسن کے خلاف کھیلے جانے والا میچ با آسانی جیت جائیں گے۔ عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ لیمنٹ پیٹرسن، دسمبر میں کھیلے جانے والے میچ سے بہتر کارکردگی نہیں دکھا پائیں گے۔

’آپ یہ کیسے سمجھ سکتے ہیں کہ میں واشنگٹن میں کھیلے جانے والے میچ سے بہتر کارکردگی نہیں دے پاؤں گا؟‘

انہوں نے کہا ’میں ان کے بارے میں ایسا نہیں کہوں گا۔ میں چاہتا ہوں کہ وہ پہلے سے بہتر کارکردگی دکھائیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ میں یہ بھی جانتا ہوں کہ میں اس دن ان سے بہتر ہوں گا۔‘

یاد رہے کہ عامر خان گزشتہ سال دسمبر میں لیمنٹ پیٹرسن کے ہاتھوں ہار کر ڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف ٹائٹل گنوا بیٹھے تھے اور میچ کے فوراً بعد عامر خان نے ججوں کے فیصلے پر اعتراض کیا تھا۔

تاہم اس کے چند ہفتے بعد ایک ویڈیو فٹیج سامنے آئی تھی جس میں ایک مشکوک شخص میچ سپروائزر کے ساتھ بیٹھا ہوا دیکھا گیا اور وہ میچ سپروائزر کو ہدایات دے رہا تھا۔ اس مشکوک شخص کی شناخت آمین مصطفےٰ کے طور پر ہوئی تھی اور وہ باکسنگ رنگ کے نزدیک آئی ایف بی کا نمائندہ بن کر پہنچا تھا۔

پیٹرسن نے کہا ’واشنگٹن میں جو ہوا وہ اس کو جتنا بھولنا چاہیں تو بھول سکتے ہیں۔ لیکن اس کا نقصان انہیں کو ہو گا، مجھے نہیں سو مجھے خوشی ہے کہ وہ ایسا سوچتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’واشنگٹن میں کھیلے جانے والے میچ کے دوران کوئی چیٹنگ نہیں ہوئی تھی اور خان یہ اندر ہی اندر جانتے ہیں۔‘

عالمی ٹائٹل کے لیے دوبارہ کھیلے جانا والا میچ رواں سال انیس مئی کو امریکہ کے شہر لاس ویگس میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں