ایشیا کپ: بنگلہ دیش کا اعتراض مسترد

بنگلہ دیش تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption بنگلہ دیش نے اشیا کپ میں شکست کے بعد فتح کی مانگ کی ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا ایشیا کپ کے فائنل سے متعلق اعتراض مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں اپنی ٹیم کی دو رنز کی شکست کے ایک روز بعد آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل سے تحریری طور پر اعتراض کیا تھا۔

ان کا اعتراض تھا کہ فائنل میں پاکستانی بولر اعزاز چیمہ نے مبینہ طور پر بنگلہ دیشی بیٹسمین محمود اللہ کا رن لیتے ہوئے دانستہ راستہ روکا تھا جس پر پانچ رنز پنالٹی کے دے کر بنگلہ دیش کو فاتح قرار دیا جائے۔

ایشین کرکٹ کونسل کے بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے چیف ایگزیکٹیو اشرف الحق کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے اعتراض پر کاروائی نہیں ہو سکتی۔

انھوں نے کہا: ’اس لیے کارروائی ممکن نہیں کیونکہ اس طرح کا کوئی بھی واقعہ فیلڈ امپائرز نے رپورٹ نہیں کیا لہذا اس معاملے کو ختم سمجھا جائے۔‘

اشرف الحق کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے بھی بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کی شکایت مسترد کر دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی بنگلہ دیشی اعتراض پر مایوسی ظاہر کرچکا ہے۔

اسی بارے میں