کولمبو ٹیسٹ پر انگلینڈ کی گرفت مضبوط

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption گریم سوان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں لی ہیں

کولمبو میں انگلینڈ اور سری لنکا کے مابین کھلیے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے اختتام پر سری لنکا نے دوسری اننگز میں دو سو اٹھارہ رنز بنائے ہیں اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔

اس طرح سری لنکا کو انگلینڈ پر صرف تینتیس رنز کی برتری حاصل ہے اور اس کی صرف چار وکٹیں باقی ہیں۔

سری لنکا کے بیشتر بلے بازوں نے دوسری اننگز میں محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اچھا آغاز تو کیا تاہم کوئی بھی لمبی اننگز نہیں کھیل سکا۔

تاہم اس سیریز میں دو سنچریاں بنانے والے سری لنکن مہیلا جیا وردھنے ایک بار پھر کریز پر جمے ہوئے ہیں اور انہوں نے نصف سنچری مکمل کر لی ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے گریم سوان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار جبکہ جیمز اینڈریسن اور سٹیون فن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

اس سے قبل کیون پیٹرسن کی شاندار سنچری کی بدولت انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں چار سو ساٹھ رنز بنائے تھے اور اسے سری لنکا پر ایک سو پچاسی رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

سری لنکا نے میچ میں اپنی پہلی اننگز میں دو سو پچھہتر رنز بنائے تھے۔

پہلی اننگز میں سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں بھی مجموعی طور پر بارہ وکٹیں لی تھیں۔

دو میچوں کی اس سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔

اسی بارے میں