بحرین گراں پری شیڈول کے مطابق منعقد ہوگی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دو ہزار بارہ کی گلف ایئر ایف ون گراں پری بائیس اپریل کو منامہ کے سخیر سرکٹ پر منعقد ہونی ہے

دنیا میں موٹر سپورٹس کی گورننگ باڈی ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ بحرین میں پائی جانے والی سیاسی بےچینی کے باجود وہاں فارمولا ون گراں پری ریس کا انعقاد پروگرام کے مطابق ہوگا۔

ایف آئی اے نے جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس ریس کے انعقاد کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات سے مطمئن ہے۔

گزشتہ برس بحرین میں حکومت مخالف مظاہروں کی وجہ سے گراں پری ریس منسوخ کر دی گئی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق اس سال انہیں نہ تو بحرینی حکام اور نہ ہی فارمولا ون کے تجارتی حقوق کے مالکان کی جانب سے ریس کو منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ایف آئی اے کے بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ادارے کے صدر ژان ٹاٹ نے نومبر میں بحرین کا دورہ کیا تھا اور اس دوران انہوں نے حکومت اور حزبِ اختلاف کے رہنماؤں اور مقامی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کی تھیں جن میں اس ریس کے انعقاد کے امکانات پر بھی بات ہوئی تھی۔

بیان کے مطابق ان تمام افراد نے دو ہزار بارہ کی گراں پری ریس کے پروگرام کے مطابق انعقاد کی امید ظاہر کی تھی۔

دو ہزار بارہ کی گلف ایئر ایف ون گراں پری بائیس اپریل کو منامہ کے سخیر سرکٹ پر منعقد ہونی ہے۔

اسی بارے میں