بائرن میونخ چیمپئنز لیگ کے فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بائرن میونخ چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر فائنل کھیلنے والا تیسرا کلب ہے

جرمن فٹبال کلب بائرن میونخ نے سپینش کلب ریال میڈرڈ کو شکست دے کر یورپی چیمپینز لیگ فٹبال مقابلوں کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

بائرن میونخ نے سیمی فائنل کی پہلی لیگ دو ایک سے جیتی تھی اور بدھ کی شب کھیلے جانے والے سیمی فائنل کی دوسری لیگ میں ریال میڈرڈ نے اسی سکور سے فتح حاصل کی۔

گول برابر ہونے کی وجہ سے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کا فیصلہ پنلٹی ککس پر کیا گیا اور بائرن نے ایک کے مقابلے میں تین گول کر کے یہ مقابلہ جیت لیا۔

چیمپئنز لیگ کا فائنل انیس مئی کو میونخ میں بائرن کے ہوم گراؤنڈ پر ہی کھیلا جائے گا اور وہاں بائرن کا مقابلہ انگلش کلب چیلسی سے ہو گا جس نے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن بارسلونا کو ہرایا تھا۔

یہ چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں تیسرا موقع ہے کہ ٹورنامنٹ کا فائنل اس میں شریک ٹیم کے ہوم گراؤنڈ پر ہو رہا ہے۔ اس سے قبل انیس سو ستاون میں ریال میڈرڈ اور انیس سو چوراسی میں اطالوی کلب روما نے فائنل اپنے گراؤنڈ پر کھیلا تھا۔

چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد سپینش کلب ریال میڈرڈ کے کوچ ہوزے مورینیو کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے کہ انگلش کلب چیلسی اس سال چیمپئنز لیگ جیتے۔

مورینیو ماضی میں چیلسی کے کوچ بھی رہ چکے ہیں اور شکست کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یقینی طور پر میں چیلسی کو فتحیاب ہوتے دیکھنا چاہتا ہوں۔ وہ دس کھلاڑیوں کے ساتھ بارسلونا کو شکست دینے والے ہیرو ہیں‘۔

اسی بارے میں