چیلسی نے ایف اے کپ جیت لیا

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption یہ ایف کپ کی تاریخ میں چیلسی کا ساتواں ٹائٹل ہے

ڈیڈیئر ڈروگبا کے فیصلہ کن گول کی بدولت لندن کے فٹبال کلب چیلسی نے لیورپول کو شکست کے دے کر ایف اے کپ جیت لیا ہے۔

یہ کپ کی تاریخ میں ساتواں موقع ہے کہ چیلسی نے یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔

آخری مرتبہ چیلسی نے دو ہزار دس میں پورٹ سمتھ کو شکست دے کر یہ مقابلہ جیتا تھا۔

سنیچر کی شب لندن کے ویمبلی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں چیلسی نے پہلے ہاف کے گیارہویں منٹ میں رمیرز کے گول کی بدولت سبقت حاصل کی تھی۔

ڈروگبا نے کھیل کے بانویں منٹ میں اس سبقت کو دوگنا کر دیا۔ یہ ویمبلی میں کھیلے گئے ایف کپ کے کسی بھی فائنل میں ان کا چوتھا گول تھا۔

لیورپول کے متبادل کھلاڑی اینڈی کیرل نے چونسٹھویں منٹ میں لیورپول کی جانب سے میچ کا واحد گول کیا۔

اس گول کے بعد کھیل میں تیزی آ گئی اور لیورپول کے کھلاڑیوں نے آخری لمحات تک چیلسی کے گول پر تابڑتوڑ حملے کیے لیکن وہ میچ برابر کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ڈی میٹیو کی تقرری کے بعد چیلسی کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی ہے

کپ جیتنے کے بعد چیلسی کے قائم مقام مینیجر رابرٹو ڈی میٹیو کا کہنا تھا کہ ’میں خوش قسمت ہوں کہ میں اس کلب کی جانب سے کھیلا اور یہ ٹرافی جیتی اور آج بطور کوچ میں یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ زیادہ کھلاڑیوں کو ایسا موقع نہیں ملتا‘۔

ڈی میٹیو سنہ انیس سو ستانوے اور سنہ دو ہزار میں چیلسی کی ایف اے کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے۔

اس فتح کے بعد اب چیلسی کی توجہ یورپی چیمپئنز لیگ کے فائنل پر ہے جہاں انیس مئی کو اس کا مقابلہ بائرن میونخ سے اس کے ہوم گراؤنڈ پر ہوگا۔

چیلسی کے لیے آئندہ برس ان مقابلوں میں شرکت یقینی بنانے کے لیے یہ ٹورنامنٹ جیتنا نہایت ضروری ہے کیونکہ انگلش پریمیئر لیگ میں اس کا سیزن کے اختتام پر ابتدائی چار پوزیشنز میں سے کسی ایک پر آنا بہت مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

اسی بارے میں