زخمی کیمار روچ دورۂ انگلینڈ سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں کیمار روچ نے آٹھ وکٹیں لی تھیں

ویسٹ انڈین فاسٹ بولر کیمار روچ پنڈلی کی چوٹ کی وجہ سے دورۂ انگلینڈ کے بقیہ میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔

وہ انگلینڈ میں موجود ویسٹ انڈین سکواڈ کے زخمی ہونے والے دوسرے رکن ہیں۔ ان سے قبل شینن گیبریئل بھی زخمی ہو کر واپس جا چکے ہیں اور ان کی جگہ ٹینو بیسٹ سکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔

تاہم ابھی تک یہ ویسٹ انڈین مینجمنٹ نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ روچ کے متبادل کے طور پر کس کھلاڑی کو طلب کیا جائے گا۔

ویسٹ انڈین ٹیم کے فزیوتھراپسٹ سی جے کلارک کے مطابق ’کیمار کی پنڈلی پر دونوں ٹیسٹ میچوں کے دوران سوجن موجود تھی اور آنے والے شیڈول کو مدِنظر رکھتے ہوئے ان کی چوٹ کو بگڑنے سے بچانے کے لیے انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔

ویسٹ انڈین کوچ اوٹس گبسن کا کہنا ہے کہ رواں برس روچ نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور انہیں روچ کے واپس جانے کا شدید افسوس ہے

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہم کیمار روچ جیسے قیمتی کھلاڑی کو کھونے کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے‘۔

انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں کیمار روچ نے آٹھ وکٹیں لی تھیں۔

اسی بارے میں