اعصام اور جولین فرنچ اوپن سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کوارٹر فائنل میں اعصام اور جولین کی جوڑی کو واک اوور ملا تھا

فرنچ اوپن میں پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق اور ان کے ساتھی جولین راجر کا سفر سیمی فائنل میں تمام ہو گیا ہے جبکہ ثانیہ مرزا اور مہیش بھوپتی کی بھارتی جوڑی نے مکسڈ ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔

پیرس میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ کے ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں اعصام اور ان کے ساتھی کو سیکنڈ سینڈ برائن برادرز کی جوڑی نے شکست دی۔

جمعرات کی شام کھیلے گئے میچ میں برائن بھائیوں نے پہلا سیٹ چھ تین سے جیتا۔ دوسرے سیٹ میں سخت مقابلہ ہوا اور اس کا فیصلہ ٹائی بریکر پر ہوا۔

امریکی کھلاڑیوں باب اور مائیک برائن نے یہ سیٹ سات چھ سے جیت کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ دفاعی چیمپیئن اور ٹاپ سیڈ میکس نرنی اور ڈینیئل نیسٹر کی جوڑی سے ہوگا۔

ادھر مکسڈ ڈبلز مقابلوں کے فائنل میں ٹورنامنٹ کی ساتویں سیڈ بھارتی جوڑی مہیش بھوپتی اور ثانیہ مرزا نے میکسیکو کے سانتیاگو گونزالز اور پولینڈ کی کلاڈیا اکناکک پر مشتمل جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ثانیہ اور مہیش کی جوڑی کا یہ دوسرا گرینڈ سلام ٹائٹل ہے

بھارتی جوڑی نے ایک گھنٹہ تیرہ منٹ تک چلنے والا یہ میچ سات چھ اور چھ ایک کے سکور سے جیتا۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں نے ایک ساتھ کھیلتے ہوئے کوئی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ اس سے پہلے یہ دو ہزار نو میں آسٹریلین اوپن کے فاتح بنے تھے۔

یہ ثانیہ مرزا کے کیریئر کا بھی دوسرا جبکہ مہیش بھوپتی کے لیے بارہواں گرینڈ سلام ٹائٹل ہے جن میں سات مکس ڈبلز ٹائٹل شامل ہیں۔

اسی بارے میں