سائنا نہوال نے انڈونیشین اوپن جیت لیا

سائنا نہوال تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بھارت کی کھلاڑی سائنا نہوال نے اس سال تیسرا بڑا مقابلہ جیتا ہے۔

جکارتا میں جاری انڈونیشین اوپن بیڈمنٹن چیمپیئن شپ کے فائنل میں اتوار کو بھارتی کھلاڑی سائنا نہوال نے خواتین کا انفرادی خطاب جیت لیا ہے۔

انھوں نے یہ خطاب تیسری بار جیتا ہے۔

اس بار فائنل میں ان کا مقابلہ چین کی شیروئی لی سے تھا۔ سائنا نے عالمی رینکنگ میں تیسرا مقام حاصل کرنے والی چینی کھلاڑی کو پہلا گیم تیرہ اکیس سے ہارنے کے بعد بائیس بیس اور اکیس انیس سے شکست دی۔

سائنا کو عالمی رینکنگ میں پانچواں مقام حاصل ہے۔

اگر اس سے قبل شیروئی لی اور سائنا کے درمیان ہونے والے مقابلوں کے اعدادو شمار پر نظر ڈالیں تو لی کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے اور شیروئی نے سائنا کے خلاف پانچ میں سے چار مقابلے جیت رکھے ہیں۔

سائنا نہوال اس وقت زبردست فارم میں ہیں اور گذشتہ دو ہفتوں میں یہ سائنا کی دوسری جیت ہے۔

جیت کے بعد سائنا نے کہا کہ ’مقابلہ کافی سخت تھا لیکن مجھے یہاں کے شائقین سے کافی حوصلہ اور پیار ملا ہے۔ یہاں کورٹ میں آتے ہی مجھے چیمپیئن جیسا احساس ہوتا ہے‘۔

سائنا نے مزید کہا کہ انڈونیشیا ان کی پسندیدہ جگہ ہے اور وہ یہاں بار بار آنا چاہتی ہیں۔

انڈونیشین اوپن سے قبل انھوں نے اسی سال انھوں نے تھائی لینڈ اوپن اور سوئس اوپن میں فتح حاصل کی تھی۔ اس طرح یہ اس سال ان کا تیسرا خطاب ہے۔

اسی بارے میں