نوجوان کھلاڑی مینارڈ ٹرین حادثے میں ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

برطانوی کرکٹ کے مستقبل کے لیے امید سمجھے جانے والے تئیس سالہ ٹام مینارڈ پیر کو لندن میں ایک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

مینارڈ کی موت لندن کی زیرِ زمین ٹرین کی ٹکر سے ہوئی۔ خیال ہے کہ کارڈف میں پیدا ہونے والے کھلاڑی پولیس سے بچنے کی کوشش کے دوران ہلاک ہوئے۔

مینارڈ تیز شاٹس کھیلنے کے لیے مشہور تھے۔ انہوں نے پانچ سال قبل اپنی آبائی کاونٹی گلیمورگن سے پیشہ ورانہ طور پر کھیلنا شروع کیا۔

ان کی فرسٹ کلاس بیٹنگ میں اوسط بتیس اعشاریہ چھ پانچ تھی۔ انہوں نے انگلینڈ لائنز کے ساتھ بنگلہ دیش کا دورہ کیا۔

خیال تھا کہ وہ اپنے والد میتھیو کے جنہوں نے اٹھارہ بین الااقوامی میچ کھیلے تھے نقشِ قدم پر چلیں گے۔

برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص، جس کا خد و خال مینارڈ سے ملتا تھا، اپنی گاڑی چھوڑ کر اس وقت بھاگا جب اس کو پولیس نے روکا۔ یہ شخص نہایت غلط ڈرائیونگ کر رہا تھا۔

مینارڈ نے ایک روز قبل ہی کینٹ کاؤنٹی کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کھیلا تھا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین گائلز کلارک نے مینارڈ کی موت پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مستقبل کرکٹ کی دنیا میں نہائت تابناک تھا۔