کولمبو: پانچ سو اکیاون رنز پر اننگز ڈکلیئر

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کپتان مصباالحق نے چھیاسٹھ رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے

سری لنکا کے خلاف کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز پانچ سو اکیاون رنز پر ڈکلیئر کر دی ہے۔

اس وقت سری لنکا کی پہلی اننگز جاری ہے اور اب سے کچھ دیر پہلے تک اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان اور پراناویتانا نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کو پہلی کامیابی پراناویتانا کی صورت میں ملی، جو صفر پر جنید خان کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پیر کو پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر پانچ سو اکیاون رنز پر اننگز ڈکلیئر کی تو اس وقت کپتان مصباح الحق چھیاسٹھ اور عبدالرحمان اٹھارہ رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

اس سے پہلے اتوار کو میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر چار سو اٹھاسی رنز بنائے تھے۔

دوسرے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے جلد ختم کر دیا گیا تھا اور جب کھیل روکا گیا تو کپتان مصباح الحق انتیس اور اسد شفیق ایک رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔

پیر کو میچ کے آغاز پر اسد شفیق دو رنز بنا کر دلشان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد چھٹی وکٹ وکٹ کیپر عدنان اکمل کی گری جو صرف پانچ رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پر دلشان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اظہر علی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے

میچ کے دوسرے روز محمد حفیظ چار رنز کی کمی سے اپنی ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے اور ہیراتھ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اظہر علی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے اور ایک سو ستاون رنز بنانے کے بعد سورج راندیو کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

یونس خان نے بتیس رنز اور توفیق عمر نے 65 رنز بنائے۔

سینچر کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو دو سو نو رنز سے شکست دے دی تھی۔

اس سے پہلے پاکستان اس دورے پر سری لنکا سے ایک روزہ میچوں کی سیریز تین ایک سے ہار چکا ہے۔

اسی بارے میں