پالیکیلے ٹیسٹ، سری لنکا کو 270 رنز درکار

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

سری لنکا کے شہر پالیکیلے میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان نے سری لنکا کو دو سو ستّر کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان نے پانچویں دن کے کھیل کا آغاز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو ننانوے رنز سے کیا۔

اسد شفیق نے اپنی سنچری مکمل کی جبکہ وکٹ کیپر عدنان اکمل نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔عدنان اکمل کو پہلی اننگز میں انگلی پر گیند لگی تھی اور ان کی انگلی فریکچر ہو گئی تھی۔

تفصیلی سکور کارڈ

سری لنکا کو ستر اوورز میں دو سو ستر رنز درکار ہیں۔ سری لنکا کو پہلا نقصان پینتالیس کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب پراناوتنا بائیس رنز بنا کر جنید کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

اس سے پہلے پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں دو سو چھبیس رنز بنائے جبکہ سری لنکا نے تین سو سینتیس رنز بنائے تھے۔

بدھ کو میچ کے چوتھے روز پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر ستائیس رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔

اظہر علی نے چھ اور محمد حفیظ آٹھ رنز پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی۔

محمد حفیظ 52 رنز اور اظہر علی ایک سو چھتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ یونس خان نے انیس، کپتان مصباالحق نے پانچ، محمد سمیع تین، عمر گل صفر اور سعید اجمل نے پانچ رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ چار وکٹوں کے ساتھ نمایاں بالر رہے جب کہ فرنینڈو نے تین اور کالوسیکرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بارش کی وجہ سے کھیل شروع نہیں ہو سکا تھا۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو دو سو نو رنز سے شکست دی تھی جبکہ کولمبو میں کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا۔

اس سے پہلے پاکستان سری لنکا سے ایک روزہ میچوں کی سیریز تین ایک سے ہار چکا ہے۔

اسی بارے میں