عامر خان اور ڈینی گارسیا مدِ مقابل

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption یہ میرا موقع ہے یہ ثابت کرنے کے لیے میں اس درجے میں بہترین ہوں۔ عامر خان

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان سنیچر کو امریکی شہر لاس ویگاس میں لائٹ ویلٹر ویٹ درجے میں ڈبلیو بی سی ٹائٹل چیمپیئن امریکی باکسر ڈینی گارسیا کے خلاف میدان میں اتریں گے۔

پچیس سالہ عامر خان ڈینی گارسیا کو شکست دینے کے لیے کافی پر عزم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس فتح کےبعد ان کا ارادہ مزید آگےبڑھنے کا ہے یعنی اب وہ لائٹ ویلٹر ویٹ کے بعد زیادہ وزن کے درجے ویلٹر ویٹ میں مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

عامر خان کا کہنا ہے کہ آج کا مقابلہ جیتنے کے بعد وہ امریکہ کے سپر سٹار باکسر فلوئڈ مے ویدر کا ویلٹر ویٹ کیٹگری میں مقابلہ کریں گے۔

عامر خان نے کہا کہ ’یہ میرا موقع ہے یہ ثابت کرنے کے لیے میں اس درجے میں بہترین ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ڈبلیو بی سی ٹائٹل جیت سکتا ہوں اور چار میں سے تین بیلٹس تو میں جیت جاؤں گا۔‘

بولٹن کے عامر خان اور فلاڈلفیا کے گارسیا دونوں کا وزن ایک سو انتالیس پونڈ ہے جو کہ لائٹ ویلٹر ویٹ کیٹیگری کی مقررہ حد سے ایک پونڈ ہی کم ہے۔

اس مقابلہ میں ’رنگ میگزین ٹائٹل‘ بھی دیا جائے گا جو کہ کسی بھی کیٹیگری کے دو بہترین حریفوں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں دیا جاتا ہے۔

گزشتہ دسمبر میں عامر خان اپنے ڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف ٹائٹل لموں پیٹرسن سے ہار چکے تھے مگر بعد میں ان کے حریف کے ممنوعہ ادویات کے استعمال کے انکشاف کے بعد یہ اعزاز انہیں واپس دے دیے گئے۔

اب ان کا سامنا گارسیا سے ہے جو اب تک کھیلے گئے تمام تینتالیس میچوں میں سے کوئی میچ نہیں ہارے ہیں اور خان کو شکست دینے میں پر اعتماد لگتے ہیں۔

گارسیا کا کہنا تھا کہ ’جب عامر خان کو چوٹیں لگتی ہیں تو وہ بھاگنا شروع ہو جاتے ہیں۔ یہ تو کوئی دفاع نہیں۔ وہ سنیچر کو بھی یہی کرے گا۔‘

انہوں نے مزید کہا ’عامر بھاگ سکتا ہے چھپ نہیں سکتا۔‘

اسی بارے میں