عامر خان کا کیرئیر ختم ہو چکا؟

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

برطانیہ کے سپر ویٹ ورلڈ چیمپئین باکسر کارل فروچ نے کہا ہے کہ عامر خان کو ایک ایسے باکسر نے شکست دی ہے جن کا شمار بڑے باکسرز میں نہیں ہوتا۔

پچیس سالہ باکسر عامر خان کو امریکی باکسر ڈینی گارسیا نے سنیچر کو امریکی شہر لاس ویگاس میں ہونے والے ایک مقابلے کے چوتھے راؤنڈ میں شکست دی تھی۔

فروچ نے بی بی سی ریڈیو فائیو کو بتایا ’ عامر خان کے لیے یہ صورت حال بہت نقصان دہ ہے، اگر یہ سب میرے ساتھ ہوا ہوتا تو میں ریٹائرمنٹ لے لیتا۔‘

واضح رہے کہ امریکی باکسر ڈینی گارشیا نے یہ مقابلہ جیت کر ورلڈ باکسنگ کونسل یعنی ڈبلیو بی سی کے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔

برطانیہ کے تین بار کے چیمپئین کارل فروچ کو اپنے کیرئیر میں دو بار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کارل فروچ نے کہا ’ لوگ یہ کہہ سکتے ہیں کہ مجھے اپنے کیرئیر کے دوران دو بار شکست ہوئی تاہم اگر میں بیوٹ سے ہارتا تو میں ریٹائرڈ ہو جاتا۔‘

انہوں نے کہا کہ عامر خان کو بریڈیس پریسکاٹ نے ناک آؤٹ کیا اور انہیں لموں پیٹرسن نے بھی شکست دی۔

کارل فروچ کے مطابق انہیں امید ہے کہ عامر خان واپس آ سکتے ہیں کیونکہ اس کے پاس بہت سے سال باقی ہیں اور وہ ایک اچھے فائیٹر ہیں۔

اسی بارے میں