اولمپکس کے مزید دو لاکھ ٹکٹ دستیاب

تصویر کے کاپی رائٹ getty images
Image caption اولمپکس میں ایتھلیٹکس، ہاکی اور بیچ والی بال مقابلوں کے علاوہ افتتاحی اور اختتامی تقریب کے مہنگے ٹکٹ دستیاب ہیں

لندن اولمپکس کے منتظمین نے جہاں فٹبال مقابلوں کے پانچ لاکھ ٹکٹ فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہیں ان مقابلوں کے آغاز سے دس دن قبل دیگر کھیلوں کے مزید دو لاکھ ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کر دیے گئے ہیں۔

فٹبال میچوں کے ٹکٹ فروخت نہ کرنے کی وجہ لندن کے ویمبلے سٹیڈیم سمیت پانچ سٹیڈیمز کی گنجائش میں کمی کرنے کا فیصلہ بتائی گئی ہے۔

اس منصوبے کے تحت کارڈف کے ملینیئم سٹیڈیم کی بالائی نشستوں تک رسائی برطانیہ کے دو میچوں سمیت تمام میچوں کے لیے بند رہے گی۔

منتظمین کے مطابق اب تک جاری کیے جانے والے ٹکٹوں میں سے بھی پچاس ہزار ٹکٹ فروخت نہیں ہو سکے ہیں اور مزید دو لاکھ ٹکٹ رواں ہفتے آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

بی بی سی سپورٹس نیوز کے نامہ نگار جیمز پیئرس کا کہنا ہے کہ ’یہ لندن 2012 کے سلسلے میں ایک غیر معمولی انکشاف ہے‘ کہ اب بھی اتنے ٹکٹوں کی فروخت باقی ہے۔

لندن اولمپکس میں کھیلوں کا آغاز افتتاحی تقریب سے دو دن قبل پچیس جولائی کو برطانیہ اور نیوزی لینڈ کی خواتین کی فٹبال ٹیموں کے میچ کے ساتھ ہو جائے گا۔

لندن 2012 کے چیئرمین سباسٹیئن کو نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس میچ کے لیے چالیس ہزار سے کم ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی کم فروخت کا امکان ہمیشہ سے موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ ہمیشہ سے ایک چیلنج رہا ہے۔ یہاں بہت سے وینیوز اور بہت سے میچ ہیں اور آپ کو بہت دیر میں پتہ چلتا ہے کہ (اہم مقابلوں میں) کون سی ٹیم کس کے مدِمقابل ہوگی۔

سباسٹیئن کو نے بتایا کہ وہ فروخت نہ ہونے والے ٹکٹوں کو ہر ممکن طریقے سے فروخت کرنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت لاکھوں برطانوی شہریوں کے ہاتھ میں اولمپکس کے ٹکٹ ہیں اور ہم نے آغاز میں یہی وعدہ کیا تھا۔ بیس لاکھ افراد نے ٹکٹوں کے حصول کے لیے درخواستیں دیں اور ہم ابتداء سے یہ واضح کر چکے تھے کہ مزید ٹکٹ بعدازاں دستیاب ہوں گے۔‘

اس وقت بھی اولمپکس میں ایتھلیٹکس، ہاکی اور بیچ والی بال مقابلوں کے علاوہ افتتاحی اور اختتامی تقریب کے مہنگے ٹکٹ دستیاب ہیں۔

اسی بارے میں