ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: محمد حفیظ کپتان برقرار

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption محمد حفیظ کی قیادت میں پاکستان کی پندرہ رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے محمد حفیظ کی قیادت میں پاکستان کی پندرہ رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

وکٹ کیپر کامران اکمل، عبدالرزاق اور عمران نذیر کو ایک بار پھر ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے لیکن کامران اکمل کی ٹیم میں واپسی پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹیگریٹی کمیٹی کی اجازت سے مشروط کی گئی ہے۔

اگرچہ کامران اکمل کا نام سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں براہ راست نہیں آیا تھا لیکن دو ہزار دس کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران آئی سی سی کے انٹی کرپشن یونٹ نے سلمان بٹ اور ان پر نظر رکھتے ہوئے دونوں کو نوٹس بھیجے تھے۔

کامران اکمل نے آخری بار دو ہزار گیارہ کے عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جس میں ان کی کارکردگی بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ دونوں شعبوں میں مایوس کن رہی تھی۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق کامران اکمل کے بعد متعدد وکٹ کیپرز آزمائے گئے لیکن کوئی بھی وکٹ کیپر بیٹنگ میں سلیکٹرز کی توقعات پر پورا نہ اترسکا۔

عبدالرزاق گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات کی ون ڈے سیریز کے بعد سے ٹیم سے باہر تھے ۔ انہوں نے آخری بار دسمبر دو ہزار دس میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ جبکہ عمران نذیر نے آخری بار فروری دو ہزار دس میں انگلینڈ کے خلاف دبئی میں ٹی ٹوئنٹی کھیلا تھا۔

بیس سالہ لیفٹ آرم اسپنر رضا حسن پاکستان انڈر نائنٹین اور پاکستان اے کی طرف سے کھیلنے کے بعد دو ہزار دس کے انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیے گئے تھے لیکن کسی میچ میں نہ کھیل سکے۔

شعیب ملک سری لنکا کے خلاف حالیہ دونوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں نواور ستائیس رنز کی مایوس کن کارکردگی کے باوجود ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔

اکتیس سالہ فاسٹ بولر محمد سمیع کوچ ڈیو واٹمور کے بھرپور اعتماد کی بدولت ایک بار پھر ٹیم میں شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم میں شامل کیے گئے کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔ محمد حفیظ ( کپتان )، ناصر جمشید، اسد شفیق، کامران اکمل، عبدالرزاق، عمران نذیر، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، عمرگل، سعید اجمل، رضاحسن، یاسر عرفات، محمد سمیع، شعیب ملک اور عمر اکمل۔

آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچ پانچ، سات اور دس ستمبر کو دبئی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ورلڈ ٹی ٹؤئنٹی میں پاکستانی ٹیم پہلا میچ تیئیس ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف اور دوسرا میچ پچیس ستمبر کو پالیکلے میں کھیلے گی۔

اسی بارے میں