لندن اولمپکس:چین چھٹے دن بھی سرِفہرست

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 3 اگست 2012 ,‭ 23:25 GMT 04:25 PST

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں جاری تیسویں اولمپکس مقابلوں کے چھٹے دن تک مجموعی طور پر اکیانوے طلائی تمغوں کا فیصلہ ہو چکا ہے جن میں سے چین اور امریکہ نے اٹھارہ اٹھارہ طلائی تمغے حاصل کیے ہیں۔

اگرچہ چین اور امریکہ کے طلائی تمغوں کی تعداد برابر اور امریکہ کے مجموعی تمغوں کی تعداد چین سے زیادہ ہے تاہم امریکہ سے زیادہ نقرئی تمغے جیتنے کی بناء پر چین اب بھی میڈل ٹیبل پر سب سے اوپر ہے۔

چین نے چونتیس تمغے جیتے ہیں جن میں سے اٹھارہ طلائی، گیارہ نقرئی اور کانسی کے پانچ میڈلز شامل ہیں۔

کلِک لندن اولمپکس 2012 پر بی بی سی اردو کا خصوصی ضمیمہ

امریکہ نے اٹھارہ طلائی، نو نقرئی اور دس کانسی کے تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر سینتیس تمغے حاصل کیے ہیں اور جنوبی کوریا سات طلائی تمغے جیت کر تیسری اور فرانس چھ طلائی تمغوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

لندن اولمپکس کا چھٹا دن

میکسیکو کی ماریانا اوایتا نے تیراندازی میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا

لندن اولمپکس کے چھٹے روز کا پہلا طلائی تمغہ کشتی رانی میں نیوزی لینڈ کے جوزف سلوین اور نیتھن کوہن کی جوڑی نے ڈبل سکلز مقابلے میں جیتا۔ اس مقابلے میں اٹلی نے چاندی اور سلووینیا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

کشتی رانی ہی میں جنوبی افریقہ کی ٹیم لائٹ ویٹ فور مقابلے میں فاتح رہی جبکہ برطانیہ نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

اس کھیل میں تیسرا طلائی تمغہ امریکی خواتین نے وومن ایٹ مقابلے میں حاصل کیا۔ یہ لگاتار چوتھے اولمپکس ہیں جن میں امریکی خواتین یہ مقابلہ جیتنے میں کامیاب رہی ہیں۔

امریکہ کی ہی کائلا ہیریسن نے خواتین کے اٹھہتر کلوگرام درجہ بندی کے جوڈو مقابلوں میں برطانیہ کی گیما گبنز کو شکست دے کر اپنے ملک کے لیے چودہواں طلائی تمغہ حاصل کیا۔

آرٹسٹک جمناسٹک میں خواتین جمناسٹ انفرادی مقابلوں کے فائنل میں امریکہ نے طلائی جبکہ روس نے نقرئی اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا

چھٹے دن برطانیہ بھی مزید دو طلائی تمغے حاصل کیے۔ نشانہ بازی میں مردوں کے ڈبل ٹریپ مقابلوں میں پیٹر ولسن نے جبکہ کنوئنگ میں سی ٹو مقابلوں میں برطانوی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

تیراندازی میں خواتین کے انفرادی مقابلوں میں جنوبی کوریا کی تیرانداز کی بو بے نے طلائی، میکسیکو کی ایدا رومان نے چاندی اور میکسیکو کی ہی ماریانا اوایتا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

جمعرات کو تیراکی کے کھیل میں سب سے زیادہ چار طلائی تمغوں کا فیصلہ ہوا۔مردوں کے دو سو میٹر بیک سٹروک مقابلوں میں بھی امریکی تیراک ٹائلر کلیری نے طلائی تمغہ جیتا۔

دو سو میٹر انفرادی میڈلے میں مائیکل فیلپس نے اپنے ہم وطن رائن لاکتی کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا جو کہ اولمپکس مقابلوں میں مجموعی طور پر ان کا بیسواں میڈل ہے اور یہ اولمپکس مقابلوں کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔

شمشیر زنی میں خواتین کے ٹیم فائنل میں اٹلی نے طلائی، روس نے چاندی جبکہ جنوبی کوریا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا

خواتین کے دو سو میٹر بیک سٹروک مقابلوں میں امریکی تیراک سونی ایرنز طلائی تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

خواتین کے سو میٹر فری سٹائل مقابلوں میں نیدرلینڈ کی رونامی کرونوویدجو نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔

مردوں کے سائیکلنگ سپرنٹ مقابلوں کے فائنل میں برطانوی ٹیم طلائی تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور برطانیہ کے سر کرس ہوئے، جیسن کینی اور فلپ ہائنڈز نے ورلڈ ریکارڈ ٹائم میں کامیابی حاصل کی۔

سائیکلنگ میں خواتین ٹیم کے سپرنٹ مقابلے میں جرمنی ایک ڈرامائی انداز میں طلائی تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ مقابلے میں شریک چینی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی تاہم حکام نے چینی ٹیم کو خلاف ورزی کرنے پر تنزلی کرتے ہوئے نچلی پوزیشن پر بھیج دیا۔

جوزف سلوین اور نیتھن کوہن نے نیوزی لینڈ کے لیے گولڈ میڈل جیتا

ٹیبل ٹینس میں مرد کھلاڑیوں کے انفرادی مقابلوں کے فائنل میں چین کے ژانگ جائیک نے ہم وطن وانگ ہو کو چار ایک سے شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔

شمشیر زنی میں خواتین کے ٹیم فائنل میں اٹلی نے طلائی، روس نے چاندی جبکہ جنوبی کوریا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

آرٹسٹک جمناسٹک میں خواتین جمناسٹ انفرادی مقابلوں کے فائنل میں امریکہ نے طلائی جبکہ روس نے نقرئی اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

خواتین کے ہاکی مقابلوں میں بھی چھ میچ کھیلے گئے۔

گروپ اے کے مقابلوں میں جنوبی کوریا نے جاپان کو ایک صفر سے، نیدرلینڈ نے چین کو ایک گول سے جبکہ برطانیہ نے بیلجیئم کو تین صفر سے شکست دی۔

گروپ بی کے میچ میں آسٹریلیا نے امریکہ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے، جرمنی نے جنوبی افریقہ کو دو صفر سے جب کہ ارجنٹائن نے نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔

مائیکل فیلپس کا ایک اور تمغہ

منگل کو مائیکل فیلپس نے رواں اولمپکس میں اپنا پہلا طلائی جیتا تھا

لندن اولمپکس کے چھٹے دن تیراکی کے مقابلوں میں امریکی تیراک مائیکل فیلپس سونے کا تمغہ جیت کر اولمپکس کے کامیاب ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔

دو سو میٹر انفرادی میڈلے میں مائیکل فیلپس نے اپنے ہم وطن رائن لاکتی کو شکست دے کر اولمپکس میں مجموعی طور پر بیسواں میڈل جیتا ہے جو اولمپک مقابلوں کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔

مائیکل فیلپس کے بیس میں سے سولہ طلائی تمغے ہیں اور وہ واحد مرد تیراک ہیں جنہوں نے اپنے ٹائیٹل کا دو مرتبہ کامیابی سے دفاع کیا ہے۔

انہوں نے بیجنگ اور اینتھنز اولمپکس میں بھی طلائی تمغہ جیتا تھا۔

مائیکل فیلپس لندن اولمپکس میں اب تک طلائی اور چاندی کے دو دو تمغے جیت چکے ہیں۔

مقابلے میں دوسرے نمبر پر آنے والے امریکی تیراک رائن لاکتی اب تک دو طلائی تمغوں سمیت پانچ میڈلز جیت چکے ہیں۔

اس سے پہلے منگل کو چار ضرب دو سو میٹر فری سٹائل ریلے جیتنے والی امریکی تیراکوں کی ٹیم کے رکن کی حیثیت سے مائیکل فیلپس نے رواں اولمپکس میں اپنا پہلا طلائی اور مجموعی طور پر دوسرا میڈل جیتا تھا۔

جمعرات کو ہونے والے دو سو میٹر انفرادی میڈلے میں ہنگری کے لسزلو سئے تیسری جب کہ برطانیہ کے جمیز گوڈارڈ ساتویں پوزیشن پر آئے۔

بی بی سی کے تجزیہ کار اور اولمپکس میں پانچ مرتبہ طلائی تمغہ حاصل کرنے والے این تھور نے مائیکل فیلپس کی کامیابی پر بات کرتے ہوئے کہا’ غیر معمولی، وہ دنیا کے پہلے مرد ہیں جنہوں نے اولمپکس میں اپنے اعزاز کا دو بار دفاع کیا، ایونٹ میں مسلسل تیسری بار طلائی تمغہ حاصل کرنا ناقابل یقین ہے۔مجھے خوشی ہوئی کہ انہوں نے اچھی تیراکی کی اور اب وہ کچھ دیر کے لیے آرام کر سکتے ہیں۔‘


نااہلی پر کھیل کو الوداع

میچ کے دوران ریفری نے ایک مرتبہ کورٹ پر آ کر کھلاڑیوں کو تنبیہ بھی کی تھی

لندن اولمپکس میں جان بوجھ کر میچ ہارنے پر نااہل ہونے والی چینی بیڈمنٹن کھلاڑی یو یئینگ نے بیڈمنٹن کا کھیل ہی چھوڑ دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے چینی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ویبو پر لکھا ہے کہ ’یہ میرا آخری مقابلہ تھا۔ بیڈمنٹن کی عالمی فیڈریشن کو الوادع، میرے پسندیدہ کھیل بیڈمنٹن کو بھی الوادع‘۔

ڈس کوالیفائی کی جانے والی دوسری چینی کھلاڑی وانگ زیاؤلی کا کہنا ہے کہ مقابلے کے نئے قوانین میں موجود خرابیوں کی قیمت کھلاڑیوں نے ادا کی ہے۔ ویبو پر ہی اپنے پیغام انہوں نے کہا کہ جو چیز منسوخ کی گئی وہ صرف میچ نہیں بلکہ میرا خواب تھا جو ریزہ ریزہ ہوگیا ہے‘۔

چین کی یو یئینگ اور وانگ زیاؤلی کے علاوہ جنوبی کوریا کی چار اور انڈونیشیا کی دو آٹھ خاتون کھلاڑیوں کو اپنے میچ جیتنے کی بھرپور کوشش نہ کرنے پر مقابلوں سے باہر کر دیا گیا ہے۔

یو یئینگ کے مطابق وہ دونوں مقابلے کے نئے نظام اور قوانین کو تول رہی تھیں تاکہ وہ بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔ ’یہ اتنی سادہ بات ہی ہے۔ اس میں کچھ پیچیدہ نہیں لیکن اس کے لیے کوئی معاف کرنے کو تیار نہیں‘۔

چین کی یو یئینگ اور وانگ زیاؤلی اور جنوبی کوریا کی جونگ کیونک یون اور کم ہانا پر جس میچ میں دلجمعی سے نہ کھیلنے کا الزام لگا تھا اس میں سب سے لمبی ریلی صرف چار شاٹس پر مشتمل تھی اور میچ کے دوران ریفری نے ایک مرتبہ کورٹ پر آ کر کھلاڑیوں کو تنبیہ بھی کی تھی۔

اس میچ سے قبل یہ دونوں ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی تھیں اور دونوں ہی یہ میچ ہار کر کوارٹر فائنل میں آسان حریف کا سامنا کرنے کی متمنی تھیں۔

لندن اولمپکس میں اس مرتبہ بیڈمنٹن کے مقابلے ناک آؤٹ کی بجائے راؤنڈ رابن طرز پر کھیلے جا رہے ہیں اور اس میں ایک میچ ہارنے کی صورت میں ممکنہ طور پر اگلا میچ ایک آسان حریف سے ہو سکتا ہے۔

اولمپکس مقابلے چھٹا دن: تصاویر

لندن اولمپکس کا چھٹا دن

  • لندن اولمپکس کے چھٹے روز تیراکی کے کھیل میں سب سے زیادہ چار طلائی تمغوں کا فیصلہ ہوا۔
  • دو سو میٹر انفرادی میڈلے میں مائیکل فیلپس نے اپنے ہم وطن رائن لاکتی کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا جبکہ اولمپکس میں مجموعی طور پر انہوں نے بیسواں میڈل جیتا ہے جو اولمپک مقابلوں کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔
  • خواتین کے سو میٹر فری سٹائل مقابلوں میں نیدرلینڈ کی رونامی کرونوویدجو نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔خواتین کے دو سو میٹر بیک سٹروک مقابلوں میں امریکی تیراک سونی ایرنز طلائی تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
  • چھٹے دن کا پہلا طلائی تمغہ کشتی رانی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ارکان جوزف سلوین اور نیتھن کلن نے جیتا۔
  • خواتین کے تیراندازی کے انفرادی مقابلوں میں طلائی تمغہ تو جنوبی کوریا کی تیرانداز کو ملا لیکن میکسیکن تیراندازوں نے چاندی اور کانسی کے تمغے جیت کر سب کو حیران کر دیا
  • کنوئنگ میں مردوں کے سی ٹو مقابلوں میں برطانوی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے دن کا دوسرا گولڈ میڈل جیتا
  • خواتین کے اٹھہتر کلوگرام درجہ بندی کے جوڈو مقابلوں میں برطانیہ کی گیما گبنز فائنل میں تو پہنچیں لیکن امریکہ کی کائلا ہیریسن سے شکست کھاگئیں
  • بھارتی نشانہ باز راجن سوڈھی نشانہ بازی میں مردوں کے ڈبل ٹریپ مقابلوں میں حتمی مرحلے میں پہنچنے میں ناکام رہے اور طلائی تمغہ برطانیہ کے حصے میں آیا
  • تمغوں کے لیے ہونے والے مقابلوں کے علاوہ جمعرات کو خواتین کے ہاکی مقابلوں میں بھی چھ میچ کھیلے گئے
  • گروپ بی کے میچ میں آسٹریلیا نے امریکہ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے، جرمنی نے جنوبی افریقہ کو دو صفر سے جب کہ ارجنٹائن نے نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی
  • گروپ اے کے مقابلوں میں جنوبی کوریا نے جاپان کو ایک صفر سے، نیدرلینڈ نے چین کو ایک گول سے جبکہ برطانیہ نے بیلجیئم کو تین صفر سے شکست دی
  • آرٹسٹک جمناسٹک میں خواتین جمناسٹ انفرادی مقابلوں کے فائنل میں امریکہ نے طلائی جبکہ روس نے نقرئی اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا
  • شمشیر زنی کے کوالیفائنگ مقابلوں میں برطانیہ نے مصر کے خلاف کامیابی حاصل کی
  • شمشیر زنی میں خواتین کے ٹیم فائنل میں اٹلی نے طلائی، روس نے چاندی جبکہ جنوبی کوریا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا
  • ٹیبل ٹینس میں مرد کھلاڑیوں کے انفرادی مقابلوں کا فائنل کھیلا گیا
  • ٹیبل ٹینس میں مرد کھلاڑیوں کے انفرادی مقابلوں کے فائنل میں چین کے ژانگ جائیک نے ہم وطن وانگ ہو کو چار ایک سے شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔
  • سائیکلنگ میں خواتین ٹیم کے سپرنٹ مقابلے جرمنی ایک ڈرامائی انداز میں طلائی تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔مقابلے میں شریک چینی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی تاہم حکام نے چینی ٹیم کو خلاف ورزی کرنے پر اس کی تنزلی کرتے ہوئے اسے نچلی پوزیشن پر بھیج دیا


اولمپکس میڈل ٹیبل



لائیو: اولمپکس 2012

اس مواد کو دیکھنے کے لیے آپ کے براؤزر کا جاوا سکرپٹ کو چلانا ضروری ہے

(BBC Sport Olympics (In English

لائیو: اولمپکس 2012

شروع ہونے والے ایونٹ

مقابلے آغاز
- -
- -
- -
- -
- -

مکمل شیڈول دیکھیں (انگریزی میں)

تازہ ترین - گولڈ میڈلسٹ

طلائی تمغے انٹرایکٹ کرنے کے لیے کرسر اس کے اوپر لائیں

0 302

میڈل ٹیبل

رینک طلائی تمغے چاندی کے تمغے کانسی کے تمغے

تمغوں کا مکمل ٹیبل دیکھیں

تفصیل

رینک
رینک طلائی تمغے چاندی کے تمغے کانسی کے تمغے

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔