ہاکی: پاکستان، جنوبی افریقہ کا میچ شروع

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ہاکی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان اس وقت آٹھویں جبکہ جنوبی افریقہ بارہویں نمبر پر ہے

اولمپکس دو ہزار بارہ میں مردوں کے ہاکی مقابلوں میں آج پول اے کا ایک اہم میچ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔

پول اے میں پاکستان اس وقت تیسرے جبکہ جنوبی افریقہ آخری نمبر پر ہے۔

ہاکی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان اس وقت آٹھویں جبکہ جنوبی افریقہ بارہویں نمبر پر ہے۔

پاکستان کی لندن اولمپکس میں صرف ہاکی کے کھیل میں شرکت باقی رہ گئی ہے اور دیگر تمام کھلاڑی کوئی بھی تمغہ جیتے بغیر اپنا اولمپک سفر مکمل کر چکے ہیں۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہچنے کے امکانات ناممکن نہیں مگر مشکل ضرور ہیں اور اس کے لیے پاکستان کا جنوبی افریقہ پر فتح حاصل کرنا کافی اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

اس سے پہلے پاکستان نے لندن اولمپکس دو ہزار بارہ میں ہاکی کے تین میچ کھیلے ہیں جن میں سے ایک میں پاکستان کو فتح، ایک میں شکست اور ایک برابر رہ چکا ہے۔

پاکستان کے گزشتہ میچ میں برطانیہ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔

پاکستان نے اپنا پہلا میچ تیس جولائی کو سپین کے خلاف کھیلا تھا جو ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ دوسرے میچ میں پاکستان نے ارجنٹائن کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔

پاکستانی ٹیم سنہ انیس سو بانوے کے بعد سے اولمپکس میں ہاکی کے مقابلوں میں وکٹری سٹینڈ پر پہنچنے میں ناکام رہی ہے۔ انیس سو بانوے کے بارسلونا اولمپکس میں شہباز احمد سینیئر کی قیادت میں پاکستان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

اسی بارے میں