انگلینڈ: ایک روزہ میچوں میں سرِ فہرست

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ایک روزہ میچوں کی درجہ بندی میں پہلی بار سر فہرست آ گئی ہے۔

برطانوی کرکٹ ٹیم جو ٹیسٹ میچوں کی درجہ بندی میں بھی پہلے نمبر پر ہے کو جنوبی افریقہ پر معمولی برتری حاصل ہے۔

عالمی چیمپئین بھارت کی کرکٹ ٹیم ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آ گئی ہے جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم تقریباً تین سال کے بعد پہلی بار چوتھے نمبر پر چلی گئی ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم نے ایلسٹر کک کی قیادت میں سنہ دو ہزار بارہ کے دوران مسلسل دس ایک روزہ میچوں میں کامیابی حاصل کی۔

انگلینڈ نے گزشتہ سال اگست میں ٹسیٹ کرکٹ کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم ایک روزہ میچوں میں اس کا کارکردگی اتار چڑہاؤ کا شکار رہی۔

انگلینڈ نے گزشتہ سال ستمبر میں بھارت کو ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز میں تین صفر سے شکست دی تھی تاہم بھارت نے اگلے ماہ ہونے والی سیریز میں اسے پانچ صفر سے شکست دی تھی۔

انگلینڈ کو جنوبی افریقہ کے خلاف جاری حالیہ ٹیسٹ سیریز میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے لارڈز ٹیسٹ میچ جیتنا ہو گا۔

اوول میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو ایک اننگز اور بارہ رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی جبکہ ہینڈنگلے میں کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہو گیا تھا۔

اسی بارے میں