اینڈی مرے نے یو ایس اوپن جیت لیا

آخری وقت اشاعت:  منگل 11 ستمبر 2012 ,‭ 03:34 GMT 08:34 PST

اینڈی مرے بہت عرصے سے برطانیہ کے بہترین ٹینس کھلاڑی ہیں

برطانیہ کے اینڈی مرے نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں سربیا کے نوواك جوکووچ کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی ہے۔

وہ چھہتر سال میں گرینڈ سلیم جیتنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی ہیں۔ ان سے پہلے یہ اعزاز فریڈ پیری نے سنہ انیس سو چھتیس میں حاصل کیا تھا۔

نیو یارک میں خراب موسم کی وجہ سے یہ فائنل میچ پیر کو کھیلا گیا، جہاں مرے نے چار گھنٹے چوّن منٹ جاری رہنے والے میچ میں 7-6، 7-5، 2-6، 3-6، 6-2 سے کامیابی حاصل کی۔

مرے نے میچ کا آغاز بہترین طریقے سے کیا اور پہلے دو سیٹس 7-6، 7-5 سے جیتے مگر اس کے بعد یو ایس اوپن کے سابق فاتح جوکووچ نے میچ میں واپس آئِے۔

جوکووچ نے اگلے دونوں سیٹس میں آسانی سے مرے کو 2-6، 3-6 شکست دے دی۔ آخری اور فیصلہ کن سیٹ میں مرے نے جوکووچ کی غلطیوں کو ضائع نہ ہونے دیا اور میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔

میچ جیتنے کے بعد اینڈی مرے کا کہنا تھا ’جب مجھے معلوم ہوا کہ میں میچ جیت چکا تو یہ میرے لیے تھوڑا سا حیران کن تھا تاہم میں مطمئین ہوں۔‘

ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود مرے نے جوکووچ کو نہ صرف اپنے ٹائٹل کا دفاع نہ کرنے دیا بلکہ ہارڈ کورٹ پر ان کی بڑے ٹورنامنٹس میں ستائیس میچوں میں مسلسل کامیابی کا سلسلہ بھی توڑ دیا۔

مرے نے اس سال اولمپک مقابلوں میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں ٹینس کا طلائی تمغہ بھی جیتا تھا تاہم ان کے کیریئر اور برطانیہ میں ٹینس کی مقبولیت کے لیے یہ کامیابی شاید زیادہ اہم ہوگی۔

اینڈی مرے اپنے کوچ ایوان لینڈل کی طرح چار گرینڈ سلیم فائنل ہار چکے ہیں اور انہی کی طرح اپنے پانچویں فائنل میں انہوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔

برطانیہ کے بہترین ٹینس کھلاڑی کا اگرچہ ومبلڈن جیتنے کا خواب اس سال پورا نہ ہو سکا لیکن پھر بھی یہ ان کے کیریئر میں اب تک کا بہترین سال ثابت ہوا ہے۔

سنہ دو ہزار چار میں انہوں نے نیو یارک میں ہی لڑکوں کی سنگلز چیمپیئن شپ جیتی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔