آئی سی سی ایوارڈز: پاکستان کی جزوی شرکت

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 15 ستمبر 2012 ,‭ 07:14 GMT 12:14 PST

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں سنیچر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی سالانہ انعامی تقریب منعقد ہو رہی ہے۔

اس تقریب میں ہاشم آملہ، مائیکل کلارک، ورنن فیلینڈر اور کمار سنگاکارا کرکٹر آف دی ائیر کے لیے نامزد ہیں۔

اِنہی چار کھلاڑیوں کے درمیان ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائیر کے اعزاز کا مقابلہ بھی ہے جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میں کمار سنگا کارا کے ساتھ لاستھ ملِنگا، ویرات کوہلی اور بھارت ہی کے کپتان ایم ایس دھونی شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بہترین پرفارمنس کے سالانہ اعزاز کے لیے تِلکا رتنے دِلشان، کرِس گیل، رِچرڈ لیوائی اور اجانتھا مینڈس میں سے ایک کھلاڑی کا انتخاب ہو گا۔

کولمبو میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوئی بھی اہم عہدیدار شرکت نہیں کرے گا البتہ چند کرکٹرز کو اس میں شرکت کے لیے بھیجا جائے گا۔

پاکستان سے محمد حفیظ سپِرِٹ آف کرکٹ ایوارڈ کے لیے نامزد ہیں۔ ان کے علاوہ نامزد امیدواروں کی اِس طویل فہرست میں امپائر آف دی ائیر کے لیے علیم ڈار بھی نامزد ہیں تاہم اصل مسئلہ پاکستانی بالر سعید اجمل کا رہا جن کا نام اِس سال کے امیدواروں میں شامل نہ کرنے پر آئی سی سی پر خاصی تنقید ہوتی رہی۔

اس حوالے سے پاکستانی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے باضابطہ تحریری شکایت بھی کی۔ جمعے تک یہ واضح نہیں تھا کہ پاکستان اِس تقریب کا حصہ بنے گا یا نہیں لیکن پھر جمعے کی شام کو اطلاع ملی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ایوارڈز کی تقریب کے بائیکاٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف نے جمعرات کو بی بی سی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ایوارڈز کی تقریب کوئی معنی نہیں رکھتی تاہم ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آخری لمحات میں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوئی اہلکار اس تقریب میں شرکت نہیں کرے گا البتہ چند ایک کھلاڑی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

اِسی تقریب کے موقع پر آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کی سابق خاتون کرکٹر اینِڈ بیک ویک اور ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر برائن لارا، دونوں کو آئی سی سی کے ہال آف فیم میں شامل کیا جا رہا ہے۔

بیک ویل ہال آف فیم میں شامل ہونے والی تیسری خاتون کرکٹر ہیں جبکہ برائن لارا سڑسٹھویں مرد کرکٹر ہیں۔

ہال آف فیم میں کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کو شامل کیا جاتا ہے جیسا کہ پاکستان کے عمران خان، جاوید میانداد اور وسیم اکرم بھی آئی سی سی کے ہال آف فیم میں شامل ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔