انٹرنیشنل الیون دوسرا میچ بھی ہارگئی

آخری وقت اشاعت:  اتوار 21 اکتوبر 2012 ,‭ 18:55 GMT 23:55 PST

انٹرنیشنل الیون کو اتوار کے روز پاکستان آل اسٹار الیون کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں چھ وکٹوں سے شکست ہوگئی۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں مہمان کرکٹرز کو چوراسی رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسرے میچ میں شاہد آفریدی، ناصر جمشید، سرفرازاحمد، وہاب ریاض، انور علی، اور فواد عالم نہیں کھیلے ان کی جگہ سہیل خان ،میرحمزہ، فراز احمد، ذوالقرنین حیدر، فیصل اقبال اوراسد شفیق کو میزبان ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستان آل اسٹار الیون کی قیادت کرنے والے شعیب ملک نے ٹاس جیت کر انٹرنیشنل الیون کو بیٹنگ دی جس نے نو وکٹوں پر ایک سو بیالیس رنز بنائے۔

گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے نینتی ہیورڈ نے صرف سولہ گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے بیالیس رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز کھیلی۔

انہوں نے ایڈم سینفرڈ کے ساتھ آخری وکٹ کی شراکت میں ستاون رنز کا اضافہ کیا۔

سنتھ جے سوریا دوسرے میچ میں بھی ناکام رہے اور دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

فراز احمد نے بیس رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

پہلے میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے تابش خان نے دو کھلاڑی آؤٹ کئے۔

پاکستان آل اسٹار الیون نے مطلوبہ اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر سترہویں اوور میں پورا کرلیا۔

عمران نذیر نے ترپن رنز اسکور کئے جس میں پانچ چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔

عمران نذیر اور شاہ زیب حسن نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ننانوے رنز کا اضافہ کیا۔

شاہ زیب حسن نے اتنالیس رنز بنائے اسد شفیق تیئس رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسٹیون ٹیلر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔