احمد آباد: انگلینڈ کی بیٹنگ لائن مشکل میں

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 16 نومبر 2012 ,‭ 12:48 GMT 17:48 PST
چیتیشور پجارا

چیتیشور پجارا نے اپنے کیریئر کی دوسری سنچری اور پہلی ڈبل سنچری بنائی

احمد ٹیسٹ میچ میں بھارت نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پانچ سو اکیس رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈکلئیر کر دی اور جواب میں دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر اکتالیس رنز بنائے ہیں۔

ایک بڑے سکور کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی۔

دوسرے دن کے کھیل کے خاتمے پر اوپننگ بلے باز ایلسٹر کک بائیس اور کیون پیٹرسن چھ رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

بھارتی اننگز کی خاص بات وریندر سہواگ اور چتیشور پجارا کی عمدہ بلے بازی تھی۔

پہلے دن سہواگ نے کھانے کے وقفے کے بعد اپنی سنچری مکمل کی اور یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی تئیسویں سنچری تھی۔

دوسرے دن پجارا نے اپنی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی تو کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اننگز کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

پجارا نے اکیس چوکوں کی مدد سے دو سو چھ رنز بنائے۔

انہوں نے یوراج سنگھ کے ساتھ مل کر ایک لمبی شراکت داری قائم کی۔ یوراج سنگھ نے چھ چوکوں اور دو چھکے کی مدد سے چوہتّر رنز بنائے۔

انگلیند کی جانب سے گریم سوان نے ایک سو چوالیس رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ اینڈرسن، پٹیل اور پیٹرسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی تین وکٹ میں سے دو رام چندر اشون اور ایک پراگیان اوجھا نے لی۔ ٹروٹ کو صفر پر اشون نے آوٹ کیا۔

پہلے دن سہوراگ نے ایک سو سترہ گيندوں پر پندرہ چوکے اور ایک چھکّے کی مدد سے ایک سو سترہ رنز بنا کر گریم سوان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

بھارت نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو اوپننگ جوڑی وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر نے ٹیم کو ایک سو بیس رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

اس سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کی ٹکّر کا امکان ہے لیکن راہول ڈراوڈ جیسے سابق کرکٹر بھارت کا پلّہ بھاری مانتے ہیں۔

بھارت نے گزشتہ آٹھ سالوں میں ایک بھی ہوم سیریز میں شکست کا سامنا نہیں کیا ہے جبکہ انگلینڈ نے آخری بار بھارت میں اٹھائیس سال پہلے ٹیسٹ سیریز میں فتح حاصل کی تھی۔

اس کے بعد سے انگلینڈ نے بھارت میں گیارہ ٹیسٹ کھیلے ہیں لیکن جیت انہیں صرف ایک ہی میچ میں ملی ہے۔

بھارتی ٹیم مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، سچن تندولکر، روی چندرن ایشون، گوتم گمبھیر، ظہیر خان، ویرات کوہلی، پرگیان اوجھا، چتیشور پجارا، وریندر سہواگ، امیش یادو اور یوراج سنگھ پر مشتمل ہے۔

انگلش ٹیم میں ایلسٹر کک، جیمز اینڈرسن، ائین بیل، ٹم بریسنن، سٹورٹ براڈ، نک كمپٹن، شمت پٹیل، کیون پیٹرسن، میٹ پرائر، گریم سوان اور جوناتھن ٹروٹ شامل ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔