بیکہم کا ایل اےگلیكسي چھوڑنے کا اعلان

آخری وقت اشاعت:  منگل 20 نومبر 2012 ,‭ 07:32 GMT 12:32 PST

ڈیوڈ بیکہم سنہ 2007 سے ایل اے گلیكسي کلب سے منسلک تھے

برطانیہ کے مشہور فٹ بال کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم نے امریکی کلب لاس اینجلس گلیكسي کو الوداع کہنے کا اعلان کر دیا ہے۔

گزشتہ چھ سال سے اس کلب سے وابستہ انگلینڈ کے سابق کپتان کا کہنا ہے کہ دسمبر میں ہونے والا لیگ کا فائنل مقابلہ، لاس اینجلس گلیكسي کے لیے ان کا آخری میچ ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ فی الحال وہ ریٹائر ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے اور کسی اور کلب کے لیے کھیل کر فٹ بال کھلاڑی کے طور پر اپنا کیریئر جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

امریکی کلب کے ترجمان جسٹن پيئرسن نے بیکہم کے ارادے کی تصدیق کی ہے۔

ماضی میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور ریال میڈرڈ کی ٹیموں کے رکن ڈیوڈ بیکہم فٹ بال کی دنیا کے جانے پہچانے چہروں میں سے ایک ہیں۔

وہ سنہ 2007 سے ایل اے گلیكسي کلب سے منسلک تھے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا،’لاس اینجلس گلیكسي کے لیے کھیلتے ہوئے میں نے بہت عمدہ وقت گزارا ہے لیکن ایک کھلاڑی کے طور پر اپنے کیریئر کے اختتام سے پہلے میں ایک آخری چیلنج کا تجربہ کرنا چاہتا ہوں‘۔

بیکہم کا کہنا ہے کہ وہ اس لیگ سے اپنا تعلق ختم ہونے کی نظر سے نہیں دیکھتے۔ سینتیس سالہ بیکہم نے اپنے اگلے قدم کے بارے میں فی الحال کوئی اشارہ نہیں دیا ہے۔

.انگلینڈ کی جانب سے تین فٹبال ورلڈ کپ مقابلوں میں شرکت کرنے والے بیکہم کو لندن اولمپکس کے لیے انگلش ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی لیکن انہیں اولمپک کی تقریبات میں شامل ہونے کا موقع دی گیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔