عمر اکمل سے سڈنی سکسرز کا معاہدہ ختم

آخری وقت اشاعت:  منگل 20 نومبر 2012 ,‭ 07:59 GMT 12:59 PST

عمر اکمل بگ بیش کا صرف ایک میچ کھیل سکتے تھے

آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ’بگ بیش‘ کی ٹیم سڈنی سکسرز نے پاکستانی بلے باز عمر اکمل سے معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سڈنی سکسرز کا کہنا ہے کہ معاہدہ ختم کرنے کی وجہ عمر اکمل کا ٹورنامنٹ کے بیشتر حصے کے لیے دستیاب نہ ہونا تھا۔

آسٹریلوی خبر رساں ادارے اے اے پی کے مطابق سڈنی سکسرز کے متعلقہ حکام نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو ٹورنامنٹ میں شرکت کی جو مشروط اجازت دی تھی اس کے تحت وہ صرف ایک ہی میچ کھیل سکتے تھے اور یہ کلب کے مفاد میں نہ تھا۔

عمر اکمل اس ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے الگ ہونے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل پیر کو آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی بگ بیش میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے سڈنی تھنڈرز کی جانب سے ٹورنامنٹ میں حصہ لینا تھا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں رہ کر دورۂ بھارت کے لیے اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے پاکستان کے لیے کھیلنے کو ترجیح دینے اور اپنی کھوئی ہوئی فارم دوبارہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے ان تینوں کھلاڑیوں کو آسٹریلوی لیگ میں کھیلنے کے لیے دی گئی اجازت یہ کہہ کر واپس لے لی تھی کہ دورۂ بھارت کی تیاری اور سلیکشن کی غرض سے ہونے والے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں تمام کرکٹرز کی شرکت ضروری ہے۔

تاہم پیر کو فیصلہ واپس لیتے ہوئے انہیں اس شرط پر آسٹریلوی ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت دی گئی کہ قومی کیمپ شروع ہونے پر یہ کھلاڑی وطن واپس آ جائیں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔