کھلناٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کی واضح برتری

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 23 نومبر 2012 ,‭ 11:43 GMT 16:43 PST
میرلن سیموئلس

میرلن سیموئلس کی یہ پہلی ڈبل سنچری ہے۔

بنگلہ دیش کے شہر کھلنا میں ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں چار وکٹ کے نقصان پر پانچ سو چونسٹھ رنز بنائے اور بنگلہ دیش کے خلاف ایک سو ستتّر رنز کی واضح برتری حاصل کر لی ہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے میرن سیموئلس نے تیسرے دن اپنی ڈبل سنچری مکمل کی جو کہ ان کی پہلی ڈبل سنچری ہے۔ وہ چائے کے وقفے کے بعد دو سو ساٹھ رنز بناکر روبیل حسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تیسرے دن صبح پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیرن براوو تھے انھوں نے بھی سنچری مکمل کی۔ براوو ایک سو ستائیس رنز بناکر سہاگ غازی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

کلِک میـچ کا تازہ سکور جاننے کے لیے کلک کریں

براوو کے بعد ان کی جگہ چندر پال کھیلنے آئے اور وہ اب تک ایک سو نو رنز بنا چکے ہیں اور کریز پر موجود ہیں ان کے ساتھ دینیش رام دین تین رنوں پر کھیل رہے ہیں۔ چندر پال نے پہلے میچ میں ڈبل سنچری سکور کی تھی۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کی جانب سے سہاگ غازی اور روبیل حسین نے دو دو وکٹ لیے ہیں جبکہ ابوالحسن اور شکیب الحسن سو سو سے زیادہ رنز دے چکے ہیں لیکن ایک بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔

میچ کے دوسرے دن بنگلہ دیش کی پوری ٹیم تین سو ستاسی رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اور بنگلہ دیش اننگز کی خاص بات ابوالحسن کی سنچری تھی۔

ابوالحسن نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں دسویں نمبر پر بلے بازی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

ابوالحسن

ابوالحسن نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں نیا ریکارڈ قائم کیا

ٹیسٹ کرکٹ کی ایک سو پینتیس سالہ تاریخ میں وہ دوسرے ایسے کھلاڑی ہیں جنھوں نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں دسویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے سنچری سکور کی ہے۔

اس سے قبل سنہ انیس سو دو میں آسٹریلیا کے ریگل ڈف نے یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

بنگلہ دیش کے شہر کھلنا میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ابوالحسن نے سنچری مکمل کر لی تھی اور جمعرات کو انہوں نے اپنے سکور میں مزید تیرہ رنز کا اضافہ کیا اور اس طرح وہ اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں دسویں نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔

میچ کے دوسرے دن بنگلہ دیش کی ٹیم تین سو ستاسی رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی اچھی شروعات نہیں رہی اور ان کے دونوں اوپنرز کرس گیل اور کیورن پاول بالترتیب پچیس اور تیرہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد ڈیرن براوو اور میرلن سیموئل نے اننگز کو سہارا دیا اور دوسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے دو وکٹ کے نقصان پر دو سو اکتالیس رنز بنائے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بنگلہ دیش کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ایک سو ترانوے رنز پر اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ پھر محمداللہ کے ساتھ ابوالحسن نے ایک سو چوراسی رنوں کی شراکت داری قائم کی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے فیڈل ایڈوارڈ نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوے رنز کے عوض چھ کھلاڑی آؤٹ کیے۔

اس کے علاوہ کپتان ڈیرن سیمی اور ویرا سیمی پرمال نے بالترتیب تین اور ایک وکٹ حاصل کی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔