ممبئی ٹیسٹ: انگلینڈ نے بھارت کو دس وکٹوں سے ہرا دیا

آخری وقت اشاعت:  پير 26 نومبر 2012 ,‭ 04:55 GMT 09:55 PST
مونٹی پنیسر

ممبئی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر لی ہے۔کیون پیٹرسن کو دوسری اننگز میں ان کی شاندار بیٹنگ پر مین آف دا میچ کا انعام دیا گیا۔

بھارت کی پوری ٹیم دوسری اننگ میں 142 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 57 رنز کا ہدف دیا۔

یہ ہدف انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے پورا کر کے ٹیسٹ میچ دس وکٹوں سے جیت لیا۔ کُک نے اٹھارہ رنز اور کومپٹن نے تیس رنز بنائے۔

اس سے قبل بھارت کی ٹیم انگلینڈ کی سپن بولنگ کے سامنے ڈھیر ہو گئی اور صرف اوپنر گوتم گمبھیر ہی نے جم کر مقابلہ کیا۔ وہ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔

کلِک میچ کا تازہ سکور جاننے کے لیے کلک کریں

دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا آغاز بھارت نے ایک سو سترہ رن سات کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔ انگلینڈ نے بھارت پر دباؤ برقرار رکھا اور مجموعی سکور میں صرف ایک رن کے اضافے پر سوان نے ہربھجن سنگھ کو آؤٹ کردیا۔

پانیسر نے اس اننگ میں اپنی چھٹی اس وقت حاصل کی جب انہوں نے ظہیر خان کو آؤٹ کیا۔

سوان نے اپنی چوتھی وکٹ اس وقت حاصل کی جب انہوں نے گمبھیر کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ گمبھیر نے 65 رنز سکور کیے۔

میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے الیسٹر کُک اور پیٹرسن کی سنچریوں کی بدولت 86 رنز کی اہم سبقت حاصل کر لی تھی اور اس کے بعد ان کے گیندبازوں مونٹی پانیسر اور گریم سوان کی بہتر گیند بازی کے سبب بھارت کی دوسری اننگز بری طرح لڑکھڑا گئی۔

اوپنر کھلاڑی گوتم گمبھیر کے علاوہ بھارت کا کوئی بلے باز انگلینڈ کے بالروں کے سامنے نہ ٹک سکا۔ پنیسر نے اس اننگز میں اب تک پانچ اور سوان نے دو وکٹ حاصل کیے۔ پنیسر نے پہلی اننگز میں بھی پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔ گمبھیر اور اشون کے علاوہ کوئی بھی بھارتی کھلاڑی دو کے ہندسے میں نہیں پہنچ سکا۔

بھارت کی پہلی وکٹ اپنا سوواں ٹیسٹ کھیلنے والے ویریندر سہواگ کی شکل میں گری۔ انھوں نے نو رنز بنائے اور پانیسر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے چیتیشور پجارا صرف چھ رن بنا کر سوان کا شکار ہو گئے۔ سچن تندولکر، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر آخری میچ کھیل رہے ہیں، وہ صرف آٹھ رنز بنا سکے اور ایک بار پھر پانیسر کا شکار بنے۔

ویراٹ کوہلی سات، یووراج سنگھ آٹھ اور کپتان مہندر سنگھ دھونی چھ رن پر آؤٹ ہوئے۔ کوہلی کو سوان نے آؤٹ کیا جب کہ باقی دونوں کھلاڑی پانیسر کا شکار بنے۔

تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر گوتم گمبھیر ترپن اور ہر بھجن سنگھ ایک رنز پر کریز پر موجود تھے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔