کولکتہ: بھارت کو شکست کا سامنا

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 8 دسمبر 2012 ,‭ 08:56 GMT 13:56 PST

انگلینڈ کے بالروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھاتی ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہے اور اس کے سر پر سیریز میں شکست کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

کولکتہ میں چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے پر بھارتی ٹیم نے نو وکٹوں کے نقصان پر دو سو انتالیس رن بنائے ہیں یوں اسے انگلینڈ پر صرف بتیس رنز کی سبقت حاصل ہے۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اختتامی بلے باز ایشون کمار کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت بھارتی ٹیم اننگز کی شکست سے بچ گئي۔ ایشون کمار نے تراسی رن بنائے ہیں اور کھیل ختم ہونے تک وہ پرگيان اوجھا کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں لنچ سے قبل کل پانچ سو تئیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے دو سو سات رن کی برتری حاصل ہوئي۔

دوسری اننگز میں بھارتی اوپنرز نے ٹیم کو چھیاسی رنز کا آغاز دیا۔ گوتم گمبھیر اور وریندر سہواگ نے ابتدا میں سنبھل کر بیٹنگ کی لیکن جب سہواگ کا انفرادی سکور انچاس پر پہنچا توگریم سوان نے انہیں بولڈ کر دیا۔

اس کے فوراً بعد پجارا صرف آٹھ رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ گوتم گمبھیر کی گری جو فن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے چالیس رن بنائے۔

سچن تندولکر بھی زيادہ دیر تک نہیں ٹکے اور پانچ رن بنا کر سوان کی دوسری وکٹ بنے۔ یوراج سنگھ سترہ گيندوں پر صرف گيارہ رن بنا سکے اور اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

کپتان مہندر سنگھ دھونی بغیر کوئي رن بنائے ہی اینڈرسن کا دوسرا شکار بنے۔ چائے کے وقفے کے فورا بعد ویرات کوہلی کو بیس رن پر فن نے کیچ کروا دیا۔ ظہیر خان کو ایل بی ڈبلیو کر کے فن نے تیسری وکٹ حاصل کی۔

ایشانت شرما نے ایشون کا کافی دیر تک ساتھ دیا اور ستاون بالوں پر دس رن بنائے لیکن انہیں بھی مونٹی پنیسر نے بولڈ کر دیا۔

بدھ کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی پہلی اننگز میں 316 رنز بنائے تھے جس میں سچن تندولکر کے چھہتر جبکہ گوتم گمبھیر کے ساٹھ رنز بھی شامل تھے۔

بھارت اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ احمد آباد میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ ممبئی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے دس وکٹوں سے جیت کر سیریز برابر کر دی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔