سعید اجمل بھارت کے لیے خطرہ: واٹمور

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 14 دسمبر 2012 ,‭ 15:29 GMT 20:29 PST

پاکستانی کوچ ڈیو واٹمور نے بھارت کے خلاف سیریز کے لیے چنی گئی پاکستانی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچ ڈیو واٹمور نے بھارت کے خلاف کرکٹ سیریز میں پاکستانی سپنر سعید اجمل کو بھارتی ٹیم کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

پچیس دسمبر سے شروع ہونے والے دورۂ بھارت کے لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا کیمپ جمعہ سے لاہور میں شروع ہوا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈیو واٹمور نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کا ہتھیار سپنر ہوں گے یا فاسٹ بالر اس کا دارومدار وکٹوں پر ہو گا۔

انہوں نے سعید اجمل کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بھارتی ٹیم کے لیے اصل خطرہ قرار دیا۔

بھارت کے خلاف چنی گئی پاکستان کی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’تمام کھلاڑیوں نے کافی کرکٹ کھیلی ہے۔ ہمیں بس اس کیمپ میں حتمی تیاری کرنی ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں ہر طرح کے بالرز ہیں جو کسی بھی قسم کی وکٹوں اور حالات میں اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

بھارت کی جانب سے گزشتہ کچھ عرصے سے بہترین بیٹنگ کرنے والے ویرات کوہلی کی بابت واٹمور کا کہنا تھا ان سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔

انہوں نے پاکستان کی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر تقرری کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’وہ حال ہی میں ریٹائر ہوئے ہیں اور بھارتی بالروں کو کھیلنا جانتےہیں اس لیے وہ بھارتی بالروں کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستانی بلے بازوں کو اچھے مشورے دے سکتے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سیریز کا حصہ ہونا ان کے لیے فخر کی بات ہے۔

واٹمور کے مطابق پاکستان کی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے انہوں نے بھارت کا آئی سی سی کے کچھ مقابلوں میں سامنا کیا ہے لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان بھارت میں ہونے والی مختصر سیریز میں وہ پہلی بار پاکستان کی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے حصہ لیں گے اور انہیں اس سیریز کا شدت سےانتظار ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔