باکسر عامر خان کی اہم کامیابی

آخری وقت اشاعت:  اتوار 16 دسمبر 2012 ,‭ 06:42 GMT 11:42 PST

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے لاس انجلیس میں ہونے والے ایک اہم مقابلے میں اپنے مد مقابل امریکی باکسر کارلوس مولینا کو شکست دے دی۔

عامر خان نے مقابلے کے بعد ڈبلیو بی سی سلور سپر لائٹ ویٹ کا ٹائٹل بھی جیت لیا۔

عامر خان نے اپنے ڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف کے لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹلز ڈینی گارسیا اور لیمونٹ پیٹرسن سے شکست کے بعد کھو دیے تھے۔

عامر خان نے ایک بہت موثر اور طاقتور کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد انہوں نے کارلوس کو ان کے کرئیر کی پہلی شکست دی۔

یاد رہے کہ کارلوس نے اس سے پہلے کبھی کسی بھی مقابلے میں شکست نہیں کھائی تھی۔

یہ عامر خان کی اپنے نئے ٹرینر ورجل ہنٹ کے ساتھ پہلی اور مجموعی طور پر ستائیسویں کامیابی تھی۔

بولٹن سے تعلق رکھنے والے عامر اس مقابلے میں دو مقابلے ہارنے کے بعد آئے تھے جس کی وجہ سے ان پر شدید دباؤ بھی تھا۔

اسی وجہ سے عامر نے کہا تھا کہ یہ ان کے باکسنگ کرئیر کے لیے انتہائی اہم مقابلہ ہے اور اس کے نتیجے پر ان کے مستقبل کا دارومدار ہو گا۔

اب تک عامر خان نے ستائیس مقابلوں میں حصہ لیا ہے جن میں سے اٹھارہ میں اپنے مد مقابل کو ناک آؤٹ کیا۔

دونوں باکسرز لائٹ ویلٹر ویٹ کی درجہ بندی میں مقابلہ کررہے تھے اور یہ مقابلہ لاس انجلیس کے میموریل سپورٹس ارینا میں ہوا۔

عامر خان کا انداز اس مقابلے میں شروع سے ہی جارحانہ تھا۔

مقابلے سے پہلے چھبیس سالہ عامر خان نے کہا تھا کہ ’یہ مقابلہ میرے لیے زندگی اور موت جیسی اہمیت رکھتا ہے اور اسی لیے میں اسے بہت سنجیدگی سے لے رہا ہوں۔‘

جولائی میں عامر کو ڈینی گارسیا نے ناک آؤٹ کر کے ہرایا تھا جس کے بعد بعض حلقوں کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ عامر کو اب ریٹائر ہو جانا چاہیے۔

عامر خان کے کریئر میں کامیابیوں کا آغاز دو ہزار چار کے اولمپکس میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے سے شروع ہوا۔

دوسری جانب ستائیس سالہ کارلوس مولینا اب تک سترہ مقابلوں میں کامیاب رہے تھے اور یہ ان کے کرئیر کی پہلی شکست تھی۔

مولینا نے مقابلے سے پہلے کہا تھا کہ ’یہ مقابلہ میرے لیے ایک موقع ہے اور میں اس سے ضرور فائدہ اٹھاؤں گا۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔