باکسنگ: عامر خان بمقابلہ کارلوس مولینا

آخری وقت اشاعت:  اتوار 16 دسمبر 2012 ,‭ 05:19 GMT 10:19 PST

برطانوی باکسر عامر خان اور امریکی باکسر کارلوس مولینا کے درمیان مقابلہ لاس انجلیس کے میموریل سپورٹس ارینا میں شروع ہو گیا ہے۔

عامر خان کا کہنا ہے کہ یہ ان کے باکسنگ کرئیر کے لیے انتہائی اہم مقابلہ ہے اور اس کے نتیجے پر ان کے مستقبل کا دارومدار ہو گا۔

بولٹن سے تعلق رکھنے والے عامر خان نے پچھلے دو مقابلوں میں شکست کھائی اور اس وقت وہ اپنے کریئر میں ایک جدوجہد کے دور سے گزر رہے ہیں۔

اب تک عامر خان نے چھبیس مقابلوں میں سے اٹھارہ میں اپنے مد مقابل کو ناک آؤٹ کیا۔

دونوں باکسرز لائٹ ویلٹر ویٹ کی درجہ بندی میں مقابلہ کریں گے اور ان کا مقابلہ لاس انجلیس کے میموریل سپورٹس ارینا میں ہوگا۔

مقابلے سے پہلے چھبیس سالہ عامر خان نے کہا کہ ’یہ مقابلہ میرے لیے زندگی اور موت جیسی اہمیت رکھتا ہے اور اسی لیے میں اسے بہت سنجیدگی سے لے رہا ہوں۔‘

یہ عامر خان کا اپنے نئے ٹرینر ورجل ہنٹر کے ساتھ پہلا مقابلہ ہے جن کے ساتھ انہوں نے اپنی حالیہ شکست کے بعد کام شروع کیا تھا۔

جولائی میں عامر کو ڈینی گارسیا نے ناک آؤٹ کر کے ہرایا تھا جس کے بعد بعض حلقوں کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ عامر کو اب ریٹائر ہو جانا چاہیے۔

عامر خان کے کریئر میں کامیابیوں کا آغاز دو ہزار چار کے اولمپکس میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے سے شروع ہوا۔

دوسری جانب ستائیس سالہ کارلوس مولینا اب تک سترہ مقابلوں میں کامیاب رہے ہیں لیکن انہوں نے زیادہ تر مقابلے کیلی فورنیا میں جیتے ہیں۔

مولینا نے کہا کہ ’یہ میرے لیے ایک موقع ہے اور میں اس سے ضرور فائدہ اٹھاؤں گا۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔