بنگلہ دیش آ رہا ہے:پاکستان، ’ابھی فیصلہ نہیں کیا‘

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 22 دسمبر 2012 ,‭ 17:47 GMT 22:47 PST

ہم کھیلنے کے لیے پاکستان جانا چاہتے ہیں۔ ناظم الحسن

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ ناظم الحسن نے کہا ہے کہ انھوں نے کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

اس سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے جنوری میں دورہ کرنے کےلیے حتمی فیصلہ کر لیا تھا۔ ایسی صورت میں بنگلہ دیش وہ پہلی غیر ملکی کرکٹ ٹیم ہوتی جو کہ سنہ دو ہزار نو میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان کا دورہ کرتی۔

ناظم الحسن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انھیں بارہ جنوری کی تاریخ دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ کرکٹ کے عالمی نگراں ادارے آئی سی سی سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ کرنے کے لیے کہیں گے اور آئی سی سی کا فیصلہ آتے ہی ہم اس دورے کی تصدیق کر سکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ’ہم کھیلنے کے لیے پاکستان جانا چاہتے ہیں۔ اگر کوئی سکیورٹی کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو مجھے یقین ہے پاکستان بھی اس بارے میں سوچے گا لیکن میرے خیال میں ایسا کچھ نہیں ہوگا جس کی وجہ سے یہ دورہ ملتوی کرنا پڑے۔‘

سنہ دو ہزار نو کے حملے کے بعد سے پاکستان نے کسی بھی غیر ملکی ٹیم کی میزبانی اپنے ملک میں نہیں کی ہے۔ پاکستان نے میزبانی کے اپنے فرائض متحدہ عرب امارات کے مختلف میدانوں میں دیے ہیں۔

ذکا اشرف نے اس سے پہلے کہا تھا کہ وہ جلد ہی صوبائی حکومتوں سے بہترین انتظامات کرنے کے لیے رابطے کریں گے اور انھیں یقین ہے کہ یہ دورہ بہترین انداز میں ہی مکمل ہو جائے گا۔ ذکا اشرف کے خیال میں اس دورے کی کامیابی دیگر ٹیموں کے پاکستان آنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اس ہفتے کے آغاز میں بنگلہ دیشی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی ٹیم بارہ اور تیرہ جنوری کو لاہور میں ایک ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے میچ کھیلیں گی۔ اپریل میں بھی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کا دورہ کرنے کی حامی بھر لی تھی تاہم ڈھاکہ ہائی کورٹ نے اس دورے کو منسوخ کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ اس وقت پاکستان ٹیم دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچوں کے لیے بھارت کے دورے پر ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔