انڈیا پاک کرکٹ، نیوز ایجنسیوں کا بائیکاٹ

آخری وقت اشاعت:  منگل 25 دسمبر 2012 ,‭ 13:15 GMT 18:15 PST

عالمی نیوز ایجنسیاں بھارتی کرکٹ بورڈ کے فیصلے سے نالاں ہیں

عالمی خبر رساں اداروں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے انڈیا اور پاکستان کے درمیان کھیلی جانے والی حالیہ کرکٹ سیریز کی کوریج کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ آ‌ف انڈیا (بی سی سی آئی) نے بعض فوٹو ایجنسیوں کو اس کی اجازت نہیں دی ہے اس لیے کئی انٹرنیشنل نیوز ایجنسیوں نے بطور احتجاج اس کی کوریج کو معطل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

اس تنازعہ کی ابتداء نومبر میں انگلینڈ کے بھارتی دورہ سے ہوئي تھی اور ابھی تک اسے حل نہیں کیا جا سکا ہے۔

’ کرک انفو ڈاٹ کام‘' کے مطابق چونکہ بی سی سی آئی نےگیٹی ایمیج اور ایکشن ایمیج سمیت دو بھارتی نیوز ایجنسیوں کو ایکریڈیشن سے منع کیا ہے اس لیے عالمی نیوز ایجنسیاں میچز سے متعلق تصویری یا تحریری طور پر رپورٹ فائل نہیں کریں گے۔

خبروں کے لیے دنیا کی بہت سے معروف ادارے انہیں ایجنسیز کی تصویروں کا سہارا لیتے ہیں اور انگلینڈ کے دورہ کے دوران انہوں نے پرانی تصویریں استعمال کی تھیں یا پھر بی سی سی آئی نے جو تصویریں اپنی سائٹ پر شائع کی تھیں ان کا سہارا لیا تھا۔

میڈیا اداروں کی ایک تنظیم ’نیوز میڈیا کولیشن‘ نے ایک بیان میں کہا ’ کھیل کی تشہیر اور اس کی ہر روز کی تصویروں کی جو اہمیت ہے بی سی سی آئی اسے پہچاننے میں ناکام رہی ہے اور یہ بہت قابل افسوس بات ہے۔‘

اے ایف پی ، تھامسن، رائٹرز اور ایسوسی ایٹ پریس جیسی معروف عالمی نیوز ایجنسیاں اس تنظیم کی رکن ہیں اور سبھی نے بی سی سی آئی کے فیصلے کے خلاف بطور احتجاج تحریری یا تصویری طور پر بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز کی رپورٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اخباروں کی عالمی تنظیم ’دی ورلڈ ایسوسی ایشن آف نیوز پیپرز‘ نے بھی اس فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی قارئین کے لیے بہترین تصویر منتخب کرنے کی مدیروں کی صلاحیت سے انکار اور ان کے حق کو چھین رہی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ اس سلسلے میں فوٹو ایجنسیز کے ساتھ کوئی ایسا واضح معاہدہ کرنے سے انکار کرتا رہا ہے جس سے یہ ایجنسیز آزادانہ طور پر میچز کو کور کر سکیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔