تلخ کلامی پر کامران اور ایشانت کو جرمانہ

آخری وقت اشاعت:  بدھ 26 دسمبر 2012 ,‭ 15:13 GMT 20:13 PST
تصویر بشکریہ بی سی سی آئی

میچ ریفری کے مطابق جھگڑے کا آغاز ایشانت نے ہی کیا تھا

آئی سی سی نے کھیل کے دوران آپس میں الجھنے پر پاکستانی کھلاڑی کامران اکمل اور بھارت کے ایشانت شرما پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان منگل کو بنگلور میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں تلخ کلامی ہوئی تھی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی درجۂ اول کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جس کے مطابق انہوں نے کھیل کی روح کو نقصان پہنچایا۔

بیان کے مطابق اس معاملے کی شنوائی کے دوران کامران اکمل نے اپنی غلطی تسلیم کی اور میچ کے ریفری روشن مہانامہ نے انہیں میچ فیس کا پانچ فیصد بطور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا جو انہوں نے قبول کر لیا۔

بھارتی بولر ایشانت شرما نے بھی اپنی غلطی تسلیم کی تاہم سزا قبول نہ کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف اپیل کی۔

اپیل کی سماعت کے دوران روشن مہانامہ نے ویڈیو فوٹیج دیکھنے کے بعد فیصلہ دیا کہ جھگڑے کا آغاز ایشانت نے ہی کیا تھا اس لیے انہیں میچ فیس کا پندرہ فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

ادھر بھارت کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دینے کے بعد پاکستان آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

پاکستان نےگزشتہ روز بنگلور کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد پاکستانی ٹیم ایک سو انیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئی ہے۔

آئی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سری لنکا ایک سو ستائیس پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز ایک سو بائیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔