ہاکی:پاکستان ایشین چیمپیئنز ٹرافی کا فاتح

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 28 دسمبر 2012 ,‭ 03:05 GMT 08:05 PST

پاکستان نے حال ہی میں عالمی چیمپیئنز ٹرافی میں کانسی کے تمغے کے میچ میں بھی بھارت کو ہرایا تھا

پاکستان نے ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔

قطر میں جمعرات کو کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان نے اپنے روایتی حریف کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا۔

دوحا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے میچ کے ساتویں منٹ میں کپتان محمد عمران کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جسے بھارت نے دو منٹ بعد ہی برابر کر دیا۔

پہلے ہاف کے اختتام سے کچھ دیر قبل بھارت نے ایک اور گول کر کے سبقت حاصل کر لی جو ہاف کے اختتام تک قائم رہی۔

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے تیز کھیل کا مظاہرہ کیا اور مخالف ٹیم کے گول پر کئی حملے کیے۔

ایسی ہی ایک کوشش کے دوران شفقت رسول نے پاکستان کی جانب سے دوسرا گول کر کے میچ پھر برابر کر دیا۔

تھوڑی دیر بعد پاکستان کی طرف سے کپتان محمد عمران نے انفرادی طور پر دوسرا اور پاکستان کا تیسرا کر کے ٹیم کو ایک مرتبہ پھر سبقت دلا دی جسے محمد وقاص نے دوگنا کر دیا۔

اس موقع پر پاکستان کی فتح یقینی دکھائی دیتی تھی لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

میچ ختم ہونے سے پانچ منٹ قبل پاکستان کے محمد وقاص نے فیصلہ کن گول کیا اور پاکستان کو چیمپیئن بنوا دیا۔

کھیل ختم ہونے سے تین منٹ قبل پنلٹی کارنر نہ دیے جانے پر بھارتی کھلاڑی احتجاجاً میدان سے باہر چلے گئے۔ تاہم بھارتی ٹیم کچھ دیر بعد پھر واپس میدان میں اتری لیکن پاکستان کی برتری ختم کرنے میں ناکام رہی۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے فائنل سمیت کل چھ میچ کھیلے جن میں سے اسے چار میں فتح اور ایک میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔