مصری فٹبال لیگ کا فروری میں دوبارہ آغاز

آخری وقت اشاعت:  اتوار 30 دسمبر 2012 ,‭ 15:53 GMT 20:53 PST

المصری اور الاہلی کلب کے حامیوں کے مابین تصادم کے بعد فٹبال لیگ معطل کر دی گئی تھی

مصر کی فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک میں فٹبال پریمیئر لیگ کے مقابلے ایک برس کے تعطل کے بعد آئندہ برس فروری میں دوبارہ شروع ہوں گے۔

اس بات کا فیصلہ فٹبال تنظیم اور مصری حکام کے درمیان بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔

رواں برس فروری میں پورٹ سعید میں واقع سٹیڈیم میں مقامی فٹبال کلب المصری اور الاہلی کلب کے حامیوں کے مابین تصادم کے نتیجے ستّر سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد فٹبال مقابلے معطل کر دیے گئے تھے۔

مصر کی فٹبال ایسوسی ایشن نے اکتوبر میں سکیورٹی خدشات کی بنا پر ملک کی فٹبال پریمیئر لیگ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مصر کی وزارتِ کھیل نے ابتداء میں اعلان کیا تھا کہ یہ مقابلے ستمبر میں دوبارہ شروع ہوں گے لیکن الاہلی کلب کے حامیوں کی جانب سے احتجاج کے خدشے کے پیشِ نظر وہ اپنے اس بیان سے دستبرار ہوگئی تھی۔

الاہلی کلب کے حامیوں نے مصری فٹبال ایسوسی ایشن کے دفتر پر حملہ بھی کیا تھا اور ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور سکیورٹی حکام پر ان ہلاکتوں کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔

الاہلی کلب کے حامی مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کے خلاف تحریک میں بھی سرگرم رہے ہیں۔

خیال کیا جاتا ہے کہ پورٹ سعید میں ہونے والی ہلاکتیں صرف مخالف کلبوں کے حامیوں کا تصادم نہیں تھا اور الاہلی کلب کے حامیوں کو انقلاب کے دوران پولیس کے خلاف مزاحمت میں ان کے کردار پر سزا دی گئی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔