انگلینڈ سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان

آخری وقت اشاعت:  اتوار 6 جنوری 2013 ,‭ 17:12 GMT 22:12 PST
پجارا

چیتیشور پجارا کو ویرندر سہواگ کی جگہ ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے تین میچوں کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ۔

اتوار کو بھارتی دارالحکومت دلی میں بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔

ٹیم میں بھارتی اوپنگ بلے باز ویرندر سہواگ کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔انھیں پاکستان کے خلاف دلی میں کھیلے گئے آخری میچ میں بھی نہیں کھلایا گیا۔

اس کے برعکس مہندر سنگھ دھونی نے پاکستان کے خلاف آخری میچ جیت کر اپنی کپتانی بچالی حالانکہ بہت سے کرکٹر کپتانی میں تبدیلی کی بات کہہ رہے تھے۔

انگلینڈ کے خلاف یہ سیریز گیارہ جنوری سے شروع ہو رہی ہے۔ سیریز کا پہلا میچ گیارہ جنوری کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ رانچی میں پندرہ جنوری کو اور تیسرا میچ انیس جنوری کو کوچی میں کھیلا جائے گا۔

ان میچوں کے لیے ویرندر سہواگ کی جگہ حال ہی میں رانجی ٹرافی میں دو سو تین رنز بنانے والے چیتیشور پجارا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کے خلاف چیتیشور پجارا نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

روہت شرما خراب فارم کے باوجود ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم بھارت کے دورے پر تھی اور اس نے چار ٹیسٹ کے علاوہ دو ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے تھے اور ایک روزہ سیریز سے قبل کرسمس کا تہوار منانے کے لیے واپس اپنے ملک چلی گئی تھی۔

ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ نے دو کے مقابلے ایک میچ سے سیریز جیتی تھی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا تھا۔

دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتے تھے۔

تین میچوں کے لیے بھارتی ٹیم اس طرح ہے۔

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، گوتم گنبھیر، چیتیشور پجارا، اجنکیا رہانے، یوراج سنگھ، روہت شرما، سوریش رینا، ویراٹ کوہلی، رویندر جڈیجہ، روی چندرن اشون، اشوک ڈنڈا، ایشانت شرما، بھونیشور کمار، امت مشرا اور سمیع احمد۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔