میسی لگاتار چوتھی بار سال کے بہترین کھلاڑی

آخری وقت اشاعت:  منگل 8 جنوری 2013 ,‭ 22:22 GMT 03:22 PST

میسی نے مجموعی طور پر 69 میچوں میں اپنے کلب بارسلونا کے لیے 79 گول جبکہ اپنی قومی ٹیم کے لیے بارہ گول کیے

فیفا نے ارجنٹینا اور بارسلونا کے فٹ بالر لیونل میسی کو مسلسل چوتھی بار سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔

وہ دنیا میں لگاتار چار سال یہ اعزاز جیتنے والے پہلے فٹبالر ہیں۔

پیر کو سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورچ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں لیونل میسی کو سال دو ہزار بارہ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ’بیلون ڈی اؤر‘ دیا گیا۔

واضح ہے کہ فیفا نے سال کے بہترین فٹبالر کا اعزاز اور بیلون ڈی اؤر( یورپی فٹبالر آف دی ایئر سے منسوب) کے اعزاز کو یکجا کیا ہے۔

پچیس سالہ لیونل میسی نے سال دو ہزار بارہ کیلنڈر ایئر میں 91 گول کیے تھے۔

سال کے بہترین کھلاڑی کے اس اعزاز کے لیے ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے کرسچیانو رونالڈو اور بارسلونا میں میسی کے ساتھی اینڈرس انیئسٹا کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔

خواتین کا ایوارڈ ایبی ویمبیک نے حاصل کیا جبکہ بہترین کوچ کا ایوارڈ ویسنڈرڈل بوسک کو دیا گیا۔

اس اعزاز کے لیے صحافیوں، نیشنل کوچز اور کپتانوں کی ووٹنگ کی مدد سے تینوں کھلاڑیوں کو نامزد کیا تھا۔

اس اعزاز کے لیے میسی کے ساتھ رئیل میڈرڈ کے رونالڈو اور اینڈرس انیاسٹا کو بھی نامزد کیا گیا تھا

ایوارڈ حاصل کرنے پر میسی نے کہا کہ ’اگر آپ سے سچ کہوں تو یہ بالکل ناقابل یقین ہے۔ میں ارجنٹینا کی قومی ٹیم کے تمام ساتھیوں، وہ تمام جنہوں نے میرے ساتھ کام کیا، کوچز، سٹاف اور میرا خاندان، میرے دوست اور اس کے ساتھ میری اہلیہ اور بیٹا، آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘۔

ووٹنگ میں لیونل میسی کو اکتالیس اعشاریہ چھ ووٹ جبکہ رونالڈو اور انیئسٹا کو بالترتیب تیئس اعشاریہ چھ آٹھ اور دس اعشاریہ نو ایک فیصد ووٹ حاصل ہوئے۔

لیونل میسی نے مجموعی طور پر 69 میچوں میں اپنے کلب بارسلونا کے لیے 79 گول جبکہ اپنی قومی ٹیم کے لیے بارہ گول کیے۔

میسی کو ایک سال میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ قائم کرنے پر اس ایوارڈ کے لیے پہلے سے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔

اس سے پہلے سنہ انیس سو بہّتر میں جرمن سٹرائیکر جیرارڈ میولر نے کیلنڈر ایئر میں پچاسی گول کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔