سیموئلز سے جھگڑنے پر شین وارن پر پابندی

آخری وقت اشاعت:  پير 7 جنوری 2013 ,‭ 13:47 GMT 18:47 PST

شین وارن پر پہلے بھی برے سلوک کے لیے فائن لگ چکا ہے

آ‎سٹریلیا میں جاری بگ بیش ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں جھگڑا کرنے پر آسٹریلوی کرکٹر شین وارن کو ایک میچ کی پابندی اور جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔

شین وارن اس میچ میں مخالف ٹیم رینیگیڈ سٹار کے خلاف میلبرن سٹار نامی ٹیم کی کپتانی کر رہے تھے اور انہوں نے وکٹ کیپر کو گیند واپس کرتے ہوئے بلے باز مارلن سیموئلز کو مار دی۔

اس کے جواب میں سیموئلز نے بھی غصہ سے اپنا بلاّ شین وارن کی جانب ہوا میں پھینکا اور اسی بات پر دونوں میں سخت کلامی شروع ہوگئی۔

غصے سے برہم شین وارن کو سیموئلز کے پاس جاتے ہوئے دیکھا گيا جنہوں نے سیموئلز کی ٹی شرٹ کو پکڑ کے کھینچا بھی۔

اس بارے میں شین وارن نے ٹویٹ کیا ’ٹیم کی حمایت کرنے میں میں بہت آگے نکل گيا۔‘

شین وارن پر کرکٹ آ‎سٹریلیا نے ساڑھے چار سو آ‎سٹریلوی ڈالر کا جرمانہ عائد کیا اور ایک میچ کی پابندی عائد کی ہے۔

"میں نے ایک میچ کی پابندی کی پینالٹی کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمیں امید کرنی چاہیے کہ منگل کا میچ لڑکے جیتیں گے اور ہم سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوں گے۔"

شین وارن

منگل کو سڈنی تھنڈر ٹیم کے ساتھ ہونے والے میچ میں وہ شریک نہیں ہوسکیں گے۔ ان کی ٹیم کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے منگل کا میچ جیتنا ضروری ہے ۔

شین وارن نے کہا ’میں نے ایک میچ کی پابندی کی سزا کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمیں امید کرنی چاہیے کہ منگل کا میچ لڑکے جیتیں گے اور ہم سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوں گے۔‘

انہوں نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’ کھیل کئی بار بہت جذباتی ہوجاتا ہے اور بہت پرجوش بھی۔‘

سیموئلز پر بھی اس واقعے میں الزامات عائد کیےگئے ہیں لیکن چونکہ وہ کھیل کے دوران زخمی ہوگئے تھے اس لیے ابھی ان کے معاملے پر غور نہیں کیا گيا ہے۔

ان کا زخم گہرا ہے اور ممکن ہے کہ بگ بیش کی اس سیریز میں اب دوبارہ نہ کھیل سکیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔